رسائی کے لنکس

کراچی: بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 90 فیصد علاقہ بجلی سے محروم


شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کا کہنا تھا کہ جامشورو کے قریب 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ہوا میں نمی کی وجہ سے ٹرپ کر گئی تھی، جس کے باعث بن قاسم پاور پلانٹ سمیت دیگر پیداواری یونٹ بھی بند ہوگئے

کراچی کے لئے جمعہ کا دن خاصا مشکل ثابت ہوا۔ صبح کا سورج بھی ابھی نہیں نکلا تھا کہ شہر کا 90 فیصد علاقہ جمعہ کی سہ پہر تک بجلی اور پانی کی فراہمی سے محروم ہوگیا۔ اس صورتحال سے سب سے زیادہ پریشان اسکول اور دفاتر جانے والوں کو ہوئی۔

شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کا کہنا تھا کہ جامشورو کے قریب 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ہوا میں نمی کی وجہ سے ٹرپ کر گئی تھی، جس کے باعث بن قاسم پاور پلانٹ سمیت دیگر پیداواری یونٹ بھی بند ہو گئے۔

فراہمی معطل ہونے کے سبب ہی دھابیجی، گھارو اور شمال مشرقی کراچی کے پمپنگ اسٹیشن بھی بند ہوگئے، جس سے شہر کو پانی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

بریک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے علاقوں میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، اورنگی، ڈیفنس، گلشن حدید، شاہ فیصل کالونی، اولڈ سٹی ایریا، صدر، ملیر، گلشن اقبال، طارق روڈ، گلستان جوہر، بفر زون، شادمان ٹاؤن، صدر ٹاؤن، لیاری، رنچھوڑ لائن، سولجر بازار، لسبیلہ، گرومندر، محمود آباد، منظور کالونی، قیوم آباد، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، بہادر آباد، پی ای سی ایچ ایس سمیت دیگر علاقے شامل تھے۔

ایک ماہ کے دوران ہونے والا یہ تیسرا بڑا بریک ڈاوٴن تھا۔ بریک ڈاوٴن کے سبب متاثرہ علاقوں میں واقع سرکاری دفاتر میں بھی بجلی کی معطلی سے کئی مسائل نے جنم لیا۔ نارتھ ناظم آباد کے تینوں ’نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی‘ کے دفاتر میں جنریٹر موجود ہیں، جنہیں بار بار کھولا اور بند کیا جاتا رہا جس سے پورا نظام متاثر ہوا، اور 12 بجے سے ایک بجے کے درمیان یہاں بجلی کی فراہمی چھ ، سات گھنٹوں بعد صرف ایک گھنٹے کے لئے بحال ہوئی اور پھر معطل ہوگئی۔

معطلی سے علاقے کے نجی اسپتال بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، جبکہ باقی کاروبار زندگی بھی بری طرح متاثر ہوا۔

XS
SM
MD
LG