رسائی کے لنکس

کراچی: غیر قانونی ہتھیار برآمد کرنے کے طریقہٴکار پر غور شروع


کراچی میں رضاکارانہ طور پر غیر قانونی ہتھیار جمع کرانے کی مہلت ختم ہوچکی ہے، اب اس اسلحہ کی برآمدگی کے طریقہٴکار پر غور شروع ہوگیا ہے

کراچی میں رضاکارانہ طور پر غیر قانونی ہتھیار جمع کرانے کی تاریخ گزر چکی ہے۔ طے شدہ منصوبے کے تحت اب غیر قانونی اسلحہ برآمد کرانے کی مہم شروع ہوگی۔ تاہم، ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ غیر قانونی اسلحہ کس طریقے سے برآمد کیا جائے۔

طریقہٴکار طے کرنے کے لئے پیر کے روز کراچی میں رینجرز اور پولیس کی آپریشنل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ڈی جی رینجرز رضوان اختر کی سربراہی میں ہوا، جبکہ آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، ڈپٹی ڈی جی رینجرز اور زونل ڈی آئی جیز نے بھی شرکت کی۔

رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حتمی طریقہٴکار ابھی طے ہونا باقی ہے جو آئندہ کچھ روز میں فائنل ہو جائے گا۔

غیر قانونی اسلحہ رضاکارانہ طور پر جمع کرانے کے لئے حکومت نے عوام کو 11اکتوبر تک کی مہلت دی تھی۔ اس مہلت سے آگاہی کے لئے لاکھوں روپے کی اشتہاری مہم بھی شروع کی گئی تھی۔ لیکن، یہ مہم بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی۔ سوائے دو چار ہتھیاروں کے کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی۔

اشتہاری مہم میں کہا گیا تھا کہ مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد اگر کسی شخص کے پاس سے کوئی غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا تو اس کے خلاف 1991ء کے ایکٹ کی شق 7کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی سزا کم سے کم 14سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قیداور منقولہ او غیر منقولہ جائیداد کی ضبطگی ہے۔
XS
SM
MD
LG