رسائی کے لنکس

کراچی کنگز، لاہور قلندرز کو شکست دے کر پی ایس ایل چیمپئن بن گئی


پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

منگل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور نے مقررہ 20 اوورز میں 134 رنز بنائے۔ قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال نے سب سے زیادہ 35 جب کہ فخر زمان نے 27 رنز بنائے۔

کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بابر اعظم نے 49 گیندوں پر ناقابلِ شکست 63 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اُنہیں 'مین آف دی میچ' کے علاوہ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور کے افتتاحی بلے بازوں کی جانب سے اچھے آغاز کے باوجود وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پہلی بار فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

کراچی کنگز پہلی بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
کراچی کنگز پہلی بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

کراچی کنگز کو ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی جب کہ لاہور قلندرز کو دو لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا چیک دیا گیا۔

فتح کے بعد کراچی کنگز کے کوچ وسیم اکرم نے پی ایس ایل فائیو میں کامیابی کراچی کنگز کے سابق آنجہانی کوچ ڈین جونز کے نام کر دی۔

خیال رہے کہ ڈین جونز رواں سال ستمبر میں بھارت کے شہر ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

رواں سال فروری اور مارچ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کے میچز کرونا وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔

سات ماہ کے وقفے کے بعد باقی ماندہ میچز رواں ماہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ پلے آف مرحلے میں پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا اور صارفین نے میچ سے قبل اور بعد میں دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری رکھا۔

صارفین جہاں کراچی کنگز کو اس کامیابی پر مبارک باد دیتے رہے وہیں لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد سے بھی اظہارِ ہمدردی کرتے رہے۔

ایک صارف فاطمہ نے کراچی کنگز کے سابق آنجہانی کوچ ڈین جونز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا اس شخص کے سر جاتا ہے۔

بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے اپنی ٹوئٹ میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے ہدف کے تعاقب میں بھی بابر اعظم نے اطمینان سے بلے بازی کی اور یہی اُن کی مسلسل کامیابی کا راز ہے۔

'ایک پاکستانی' نامی صارف نے لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کی، رانا صاحب پورا پاکستان آپ سے پیار کرتا ہے۔ کراچی کنگز کو مبارک باد اور لاہور قلندرز کے لیے آئندہ کے لیے نیک تمنائیں۔

تحریم نامی صارف نے رانا فواد کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس تصویر نے میرا دل توڑ دیا ہے۔

داؤد عمر نامی صارف نے ٹوئٹ کی کہ آخر کار پاکستان کی جیت ہوئی۔ دونوں ٹیموں نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اب تک پانچ ایڈیشنز کھیلے جا چکے ہیں جن میں دو مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ جب کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ایک، ایک بار پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اختتامی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل کے آئندہ سال کھیلے جانے والے ایڈیشن میں کوشش ہو گی کہ شائقین بھی گراؤنڈ میں آ کر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔

XS
SM
MD
LG