رسائی کے لنکس

کراچی کنگز کا پی ایس ایل میں سفر عملاً تمام، ایک اور ٹیم کو ایونٹ سے باہر ہونا ہو گا


اب تک کھیلے جانے والے میچز کے نتائج کے مطابق کراچی کنگز وہ پہلی ٹیم ہے جو ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
اب تک کھیلے جانے والے میچز کے نتائج کے مطابق کراچی کنگز وہ پہلی ٹیم ہے جو ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز مقابلوں کے دوران اگلے مرحلے میں جگہ بنانے والی ٹیموں اور ایونٹ سے باہر ہونے والی ٹیموں کا فیصلہ ہو رہا ہے۔

اب تک کھیلے جانے والے میچز کے نتائج کے مطابق کراچی کنگز وہ پہلی ٹیم ہے جو ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے جب کہ ایک اور ٹیم کو باہر ہونا ہے اور بقیہ چار ٹیمیں پلے آف راؤنڈ کھیلیں گی۔

پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا ہے۔ اس فتح کے بعد سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کم بیک کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

کوئٹہ کی ٹیم آٹھ میچز کھیل کر دو میں فتح کے ساتھ چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے جب کہ کراچی کنگز نے نو میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے سات میں شکست اور دو میں کامیابی ملی۔ پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ کے چار پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے وہ پانچویں نمبر پر ہے۔

کوئٹہ کے ہاتھوں شکست کے بعد کراچی کنگز کا پی ایس ایل آٹھ کا سفر ختم ہو گیا ہے لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز میں سے کسی ایک ٹیم کو ایونٹ سے باہر ہونا ہے جس کا فیصلہ ان کے اگلے میچز کے نتائج کریں گے۔

پلے آف میں کون کون سی ٹیمیں پہنچ سکتی ہیں؟

پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں بالترتیب 12 اور 10 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں اور دونوں ٹیموں کے مزید تین تین میچز باقی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پشاور زلمی چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

ملتان نے اب تک سات اور پشاور نے چھ میچز کھیلے ہیں۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے پاس اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے میچز موجود ہیں۔

کوئٹہ کس طرح پلے آف میں پہنچ سکتا ہے؟

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ فی الحال سب سے آخری نمبر پر ہے لیکن اس کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے امکانات بدستور موجود ہیں۔

اگر سرفراز الیون اپنے بقیہ دونوں میچز جیت لیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ ہو جائے گی لیکن اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے اسے پشاور زلمی یا ملتان سلطانز کے بقیہ میچز میں شکست پر انحصار کرنا ہو گا۔ یعنی اگر پشاور اور ملتان کی ٹیمیں اپنے بقیہ میچز ہار جاتی ہیں تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا امکان روشن ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG