رسائی کے لنکس

کراچی کا علاقہ لیاری پھر میدان جنگ بن گیا، 4افراد ہلاک متعدد زخمی


کراچی کا گنجان آباد علاقہ لیاری جمعہ کی صبح ایک مرتبہ پھر میدان جنگ بن گیا ۔ پرتشدد واقعات میں مجموعی طور پر چار افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔

علاقے میں دن بھر ہنگامہ آرائی، راکٹ باری اور دستی بم کے حملے، پولیس پر پتھراوٴ، ہوائی فائرنگ ، شیلنگ اور آگ لگانے کا سلسلہ جاری رہا۔ مبینہ طور پر، دو راکٹ داغے جانے اور دستی بم کے حملے سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ ایک بس اسٹا پ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔
سیکورٹی فورسز لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم، علاقے کے لوگوں کی جانب سے انہیں سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لئے جمعرات کی شب اور جمعہ کو دن بھر چھاپے مارے ۔
علاقہ مکینوں نے پولیس پر الزام لگایا ہے کہ وہ بے قصور لوگوں کو گرفتار کررہی ۔ احتجاج کے دوران لیاری کے مختلف علاقوں جن میں ہشت چوک، لی مارکیٹ ، چاکیواڑہ سمیت متعدد علاقے شامل ہیں ، مبینہ طور پر علاقہ مکینوں نے پولیس پر پتھراوٴ اور ہوائی فائرنگ کی۔ عینی شاہدین کے مطابق، اس دوران علاقے کے تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند کرادیے گئے جس کے سبب علاقہ دن بھر سنسان رہا۔
بعض مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کی، ٹائر نذرآتش کئے جس سے ٹریفک بھی معطل ہوگیا۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں پر علاقہ مکینوں کی جانب یہ الزام بھی لگایا گیا ہے انہوں نے سینگولین کے علاقے سے چار افراد کو گرفتار کیا۔ مکینوں نے ان افراد کے پولیس کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں مار دیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا۔ مظاہرین دن بھر گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کرتے رہے۔
ایس پی سٹی خرم وارث نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز لیاری میں چند افراد کواسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد شرپسند عناصر کی جانب سے لیاری میں ہنگامہ آرائی کی گئی۔ایف سی اور رینجرز کے تعیناتی کے حوالے سے پوچھے گی سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
ادھر جمعہ کی شام لی مارکیٹ میں بس اسٹاپ پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی ہے جو واقعے کے وقت بس اسٹاپ پر موجود تھے۔ اہلکاروں کے علاوہ راہ گیر بھی فائرنگ کی لپیٹ میں آگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے کچھ علاقوں میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ کچھ علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر پولیس سے مقابلہ کرنے کی بھی اطلاعات ہی۔

XS
SM
MD
LG