رسائی کے لنکس

کراچی: زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیمیں تشکیل


فائل
فائل

محکمہٴصحت سندھ کی جانب سے جناح اسپتال کے ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف پر مشتمل 10 رکنی 4 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، جو ضرورت پڑنے پر زلزلہ متاثرہ علاقوں میں طبی امداد فراہم کریں گی

پاکستان کے مختلف شہروں میں پیر کے روز آنے والے ہولناک زلزلے نے تباہی مچادی ہے، وہیں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر، محکمہ صحت سندھ کی جانب سے زلزلہ زدگان کی طبی امداد کیلئے ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیر کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سے 10 میڈیکل اسٹاف پر مشتمل 4 دستے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں زلزلہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کریں گے۔

اس حوالے سے، وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انیس بھٹی بتاتے ہیں کہ ’زلزلے میں طبی امداد کیلئے 10 رکنی چار دستے تشکیل دئے گئے ہیں جس میں پیرامیڈیکل اسٹاف ڈاکٹر اور سرجن سمیت، نرسز شامل ہیں جو زلزلہ متاثرین کی طبی امداد بجا لائیں گے۔

ان ٹیموں میں وہ میڈیکل اسٹاف بھی شامل ہے جو اس سے قبل زلزلہ متاثرہ علاقوں میں کام کرچکا ہے، اور رضاکارانہ طور پر زلزلہ متاثرین کیلئے خدمات انجام دیں گے۔

ذرائع کے بقول، ڈاکٹروں کی ٹیموں سمیت انھوں نے میڈیکل سروسز کیلئے تمام ضروری اشیا کی فہرست بھی مرتب کرلی ہےاور ٹیمیں جانے کے لیے تیار ہیں، اور نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ سیل کی جانب سے اشارہ ملتے ہی وہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ جائیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اب آئندہ کے لائحہٴعمل کا فیصلہ سرکاری سطح پر کیا جائے گا کہ ڈاکٹروں کی کہاں زیادہ ضرورت ہے۔ اسی لحاظ سے ڈیوٹیوں کا تعین کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 10 برس قبل مظفرآباد میں آنےوالے زلزلے میں بھی کراچی کی میڈیکل ٹیموں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔

پیر کو پاکستان کے مختلف شہروں میں آنےوالے زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، اور اب تک 200 سے زائد افراد کے ہلاک ہونےکی اطلاعات ہیں۔

XS
SM
MD
LG