رسائی کے لنکس

کراچی میں رینجرز کی کارروائی جاری: 23مشتبہ افراد گرفتار


رینجرز کے ترجمان کے مطابق، یہ ملزمان گینگ وار، بھتہ خوری اور ٹارگیٹڈ کلنگ جیسے جرائم میں ملوث تھے

ہفتے کو کراچی میں لیاری اور بہرام گوٹھ کے علاقوں میں کیے جانے والے ٹارگیٹڈ آپریشنز میں پاکستان رینجرز سندھ نے 23مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اُن سے مختلف قسم کا اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہیں۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق، یہ ملزمان گینگ وار، بھتہ خوری اور ٹارگیٹڈ کلنگ جیسے جرائم میں ملوث تھے۔

شہرِ کراچی میں روزانہ آپریشنز اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اِس کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ’سی پی ایل سی‘ ، جو کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بیچ رابطے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، اُس کے سربراہ احمد چِنائے نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ شہر میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشنز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح کامیابی حاصل ہو رہی ہے اور شہر میں جرائم کی شرح 25 فی صد کم ہو گئی ہے۔


اُنھوں نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

دوسری طرف، صوبہٴسندھ کی نگراں کابینہ میں مزید تین وزراٴ نے ہفتے کو گورنر ہاؤس کراچی میں اپنے عہدے کا حلف لیا۔ اُن وزراٴ میں جعفر خواجہ، حسن علی شریف اور شجاع جونیجو شامل ہیں۔

گورنر سندھ، عشرت العباد نے اِن نگراں وزراٴ سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔
XS
SM
MD
LG