رسائی کے لنکس

کراچی سمیت سندھ میں گردو غبار کا شدید طوفان ، ائرپورٹ بند


پیر کی شام سندھ میں نوابشاہ اور دیگر شہروں میں گردو غبار اور مٹی کے طوفان کے باعث بڑی تعداد میں گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور نظام درہم برہم ہو گیا ۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گردوغبار کا شدید طوفان آیا جس کے باعث کراچی ائیر پورٹ پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ اسلام آباد سے کراچی آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی ۔

پیر کی شام سندھ میں نوابشاہ اور دیگر شہروں میں گردو غبار اور مٹی کے طوفان کے باعث بڑی تعداد میں گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور نظام درہم برہم ہو گیا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے طوفان کے اس سلسلے نے صوبائی دارالحکومت کراچی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور حدنظر سو میٹر تک رہ گیا ۔

اسی دوران شہر کا ائیر پورٹ رات گیارہ بجے تک کے لئے بند کر دیا گیا اور پروازوں کو اڑان بھرنے سے روک لیا گیا جبکہ دیگر ممالک اور شہروں سے آنے والی پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس صورتحال میں اسلام آباد سے کراچی آنے والی پرواز جس میں تین سو نو افراد سوار تھے ،حادثے سے بال بال بچ گئی اور باحفاظت اسے ائیر پورٹ پر اتار لیا گیا ۔

دریں اثنا شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی علاقوں کی بجلی بھی منقطع ہو گئی ہے ۔ طوفان رات 10بجے تک جاری تھا ۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض کے مطابق گردوغبار کا طوفان سندھ کے مختلف شہروں میں آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرد آلود ہوائیں جنوب مغربی علاقوں سے چل رہی ہیں اور سندھ کے مختلف شہر گرد وغبار کے طوفان کے زیر اثر آگئے ہیں۔ محکمے نے ڈرائیورز کو احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے ، خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننے کی ہدایات ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق طوفان کی وجہ سے پی آئی اے کے فلائٹ شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ایئرپورٹ پر فلائٹس کی آمدو رفت معمول کے مطابق ہوگی۔

XS
SM
MD
LG