رسائی کے لنکس

کراچی : لیاری میں دوگروپوں میں فائرنگ 3 افراد ہلاک


کراچی : لیاری میں دوگروپوں میں فائرنگ 3 افراد ہلاک
کراچی : لیاری میں دوگروپوں میں فائرنگ 3 افراد ہلاک

کراچی کے علاقے لیاری میں دو مقامی گروپوں کے درمیان فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا ۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں مقامی تنظیم کے عہدیدار سمیت تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حالات پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس کے مطابق لیاری میں دومقامی گروپوں کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تصادم کی صورتحال ہے ۔بدھ کو بھی دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا کہ ایک گروہ کا عہدیدار ہلاک ہو گیا ۔ کچھی رابطہ کمیٹی کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا اہم عہدیدار عمر کچھی ہلاک ہوا ۔ واقعہ کے بعد لیاری کے مختلف علاقوں میں سخت کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ اور دستی بموں سے علاقہ گونج اٹھا ۔ علاقے میں تمام کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے اور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔

اسی دوران لیاری میں جونا مسجد اور دیگر علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے مسلح افراد کے خلاف کارروائی شروع کی تاہم تنگ گلیوں اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلح افراد نے پولیس کی گاڑیوں پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس سے کارروائی معطل کرنا پڑی ۔

دریں اثنا مقامی لوگوں کی بڑی تعداد لیاری میں آٹھ چوک پر پہنچ گئی اور بد امنی پر سخت احتجاج کیا۔مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرانے کا اعلان بھی کیاگیاجس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کی سیکورٹی مزید سخت کر دی اوررکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کر دیئے ۔

دوسری جانب لیاری سے کچھ فاصلے پر سائٹ ایریا میں غنی چورنگی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ اورنگی ٹاؤن میں بھی ایک ہلاکت کی اطلاع ہے ۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر ، جوڑیا بازار اور دیگر علاقوں میں بھی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG