رسائی کے لنکس

کراچی: فائرنگ، تشدد اور بم حملے میں 10 افراد ہلاک


نامعلوم افراد نے پارک میں بیٹھے کچھ لوگوں پر فائرنگ کردی جس سے کم از کم نو افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر جب پولیس موقع پر پہنچی اس پر دستی بم کا حملہ کر دیا گیا۔

کراچی کے لئے جمعہ کا دن انتہائی پُر تشدد ثابت ہوا۔ ایک جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ رات کے وقت کورنگی میں واقع بلال کالونی کے ایک پارک میں فائرنگ اوردستی بم حملے سے ایک شخص ہلاک اور9 افراد زخمی ہوگئے۔

سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس عمران شوکت کے مطابق دستی بم حملے سے قبل نامعلوم افراد نے پارک میں بیٹھے کچھ لوگوں پر فائرنگ کردی جس سے کم از کم نو افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر جیسے ہی پولیس موقع پر پہنچی اس پر بھی دستی بم کا حملہ کر دیا گیا ۔حملے میں ایک سب انسپکٹر بھی زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب شہر کے متعدد علاقوں میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر پُر تشدد واقعات کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور پانچ سے زائد زخمی ہوگئے۔

ساجد قریشی کے قتل کے فوری بعد مشتعل افراد نے کئی علاقوں میں توڑ پھوڑ شروع کر دی جس سے شہر میں سخت کشیدگی پھیل گئی اور تمام کاروباری سرگرمیاں ختم ہوگئیں۔

صُبح کے وقت شیر شاہ کے علاقے سے ایک شخص اور ابراہیم حیدری کے علاقے سے دو افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو تشدّد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تاہم مرنے والوں کی شناخت نہیں کی جا سکی۔

لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ سے بھی ایک شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی۔ کیماڑی گیٹ نمبر ایک پر کار پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب سے تشدد شدہ لاش برآمد ہوئی جبکہ لسبیلہ ندی سے بھی ایک ہاتھ پاؤں بندی لاش برآمد ہوئی۔

آج ہونے والے واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے۔ رینجرز نے لیاری سمیت متعدد علاقوں میں چھاپے مارے اور 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG