رسائی کے لنکس

اب کرینہ ہوں گی بھارتی۔۔جی نہیں پاکستانی فلم کی ہیروئن


یہ پہلا موقع ہوگا جب بھارتی سینما صنعت کی صف اول کی کوئی ہیروئن پاکستانی فلم میں کام کرے گی۔ شعیب منصور نے کچھ مہینے قبل کرینہ کپور کو بذریعہ اِی میل اپنی آنے والی فلم کا مرکزی خیال اور کہانی کا خاکہ ارسال کیا تھا

بالی وڈ کی میگا ہیروئن کرینہ کپور کے پاکستانی پرستاروں کے لئے یہ بڑی خوش خبری ہے کہ اب وہ اپنی فیورٹ ہیروئن کو پوری آب و تاب سے کسی بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی فلم میں اپنی صلاحیتوں کا جادو جگاتے دیکھ سکیں گے۔

کرینہ کپور نے شعیب منصور کی جانب سے ان کی فلم میں کام کرنے کی پیشکش زبانی طور پر تو قبول کر لی ہے، لیکن فلم کے باقاعدہ معاہدے پر دستخط آئندہ ہفتے دبئی میں شعیب منصبور سے ہونے والی ملاقات میں کریں گی۔ شعیب منصور کرینہ کو اپنی فلم کا اسکرپٹ بھی پڑھ کر سنائیں گے۔

بھارتی اخبار ’مڈڈے‘ کے مطابق، ’کرینہ کپور کے ترجمان نے ان خبروں کی تصدیق کی ہے کہ کرینہ کپور شعیب منصور کی فلم میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوں گی‘۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب بھارتی سینما انڈسٹری کی صف اول کی کوئی ہیروئن پاکستانی فلم میں کام کرے گی۔

شعیب منصور نے کچھ مہینے قبل کرینہ کپور کو بذریعہ اِی میل اپنی آنے والی فلم کا مرکزی خیال اور کہانی کا خاکہ ارسال کیا تھا۔ کرینہ کو فلم کی کہانی پسند آئی اور انہوں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی۔ لیکن کرینہ کپورکا کہنا تھا کہ وہ اسکرپٹ سن کر باقاعدہ فلم سائن کریں گی۔

کرینہ کپور کا کہنا ہے وہ شعیب منصور کی بہت بڑی فین ہیں۔ شعیب منصور نے بہترین موضوعات پر عمدہ فلمیں بنائی ہیں اور وہ بہت باکمال فلم میکر ہیں۔ ان کی فلم میں کام کرنے کی خواہش تھی۔

شعیب منصور ’خدا کے لئے‘ اور ’بول‘ جیسی بلاک بسٹر فلمیں پاکستان فلم انڈسٹری کو دے چکے ہیں۔

فلم کا آغاز آئندہ سال ہوگا۔ فی الوقت کرینہ ایک اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہیرو ارجن کپور ہیں۔

XS
SM
MD
LG