رسائی کے لنکس

کرزئی نے دورے کے آخری دن فوجی چھاوٴنی دیکھی


افغان صدر حامد کرزئی نے جمعے کوامریکہ کے چار روزہ دورے کے آخری دِن، کینٹکی کی مرکزی ریاست کا دورہ کرکےبری فوج کی چھاؤنی دیکھی۔

مسٹر کرزئی کینٹکی کے فورٹ کیمپ بیل گئے جہاں اُنھوں نے افغانستان تعینات ہونے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔

اِس ہفتے افغان صدر نے امریکی سپاہیوں کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں پر بارہا شکریہ ادائی کے کلمات کا اظہار کیا۔ اپنے دورے کے دوران مسٹر کرزئی نے والٹر ریڈ آرمی میڈیکل سینٹر میں زخمی فوجیوں کی تیمارداری کی اور آرلنگٹن سیمٹری میں افغانستان میں ہلاک ہونے والے سپاہیوں کی قبروں پر حاضری دی۔

افغان صدر نے اِس ہفتے واشنگٹن میں متعدد اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ ملاقات کی، جن میں صدر براک اوباما اور وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن شامل ہیں۔

جمعرات کے روز ایک سوال کے جواب میں مسٹر کرزئی اور وزیرِ خارجہ کلنٹن نے کہا کہ سہ روزہ مذاکرات کے باعث دونوں فریقوں کی طرف سے تلخ بیان بازی کے تبادلے سے حالیہ مہینوں کے دوران باہمی تعلقات میں کشیدگی آگئی تھی۔

کلنٹن نے صدر کرزئی کے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور اِس بات کا اعادہ کیا کہ آئندہ جولائی تک اوباما انتظامیہ کی طرف سےشرائط کی بنیاد پر اتحادی افواج سے افغان فوج کو سلامتی کی ذمہ داریاں منتقل کرنے کے منصوبے کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے لیے امریکی عزم میں کسی طور کمی نہیں آئے گی۔

افغان لیڈر نے کہا کہ امریکہ افغان مکالمے کی بدولت متعدد معاہدے عمل میں آئے، جِن میں اتحادی افواج کی زیر نگرانی چلنے والے فوجی قیدخانہ جات کو افغان کنٹرول میں دینا شامل ہے۔

اُنھوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ جب وہ اپنےموجودہ عہدے کی مدت پورے کریں گے، اُس سے پہلے پہلے افغان فوج سارے ملک کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

XS
SM
MD
LG