رسائی کے لنکس

کشمیر میں ’لائن آف کنٹرول‘ کے آرپار تجارت و بس سروس معطل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق پاکستانی کشمیر سے دوسری جانب جانے والے ایک ٹرک سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہونے پر، بھارتی حکام نے کشمیر کے دو حصوں کے درمیان ہفتہ وار ٹرک سروس معطل کر دی گئی تھی جس کے بعد پیر کو بس سروس بھی نا چل سکی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیمر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے آر پار بس سروس ایک مرتبہ پھر معطل ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق پاکستانی کشمیر سے دوسری جانب جانے والے ایک ٹرک سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہونے پر، بھارتی حکام نے کشمیر کے دو حصوں کے درمیان ہفتہ وار ٹرک سروس معطل کر دی گئی تھی جس کے بعد پیر کو بس سروس بھی نا چل سکی۔

گزشتہ جمعہ کو بھارتی کشمیر کے حکام نے مبینہ طور پر پاکستانی کشمیر سے جانے والے ایک ٹرک سے منشیات برآمد کر کے ایک ڈرائیور کو تحویل میں لے کر 22 ٹرک روک لیے تھے۔

جس کے ردعمل میں پاکستانی کشمیر کے حکام نے بھارتی کشمیر سے آنے والے 49 ٹرکوں کو چکوٹھی ٹرمینل پر روک رکھا ہے۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں سرحد آر پار تجارت کے ادارے’کراس ایل او سی ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی‘ کے عہدیدار بشارت اقبال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ٹرک سروس کا تنازع حل نہ ہو نے کی وجہ سے پیر کے روز سری نگر مظفرآباد کے درمیان بس سروس بھی رک گئی۔

انھوں نے بتایا کہ جب تک ٹرک سروس بحال نہیں ہوتی اس وقت تک بس سروس بھی نہیں چل سکے گئی۔ ہفتہ وار بس سروس معطل ہونے سے دونوں طرف کے درجنوں افراد سفر نا کر سکے۔

لائن آف کنٹرول آر پار تجارت اور سفر سے متعلق ادارے ’ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی‘ کے ڈائریکٹر جنرل امتیاز وائیں نے ہفتہ وار تجارت کے آخری روز جمعہ کی شام پیش آنے واقعہ کے بارے میں وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اُنھیں بھارتی حکام کی طرف سے اطلاع دی گئی کہ ایک ٹرک سے منشیات ملی ہیں۔

امتیاز وائیں کے بقول اُنھوں نے اس سلسلے میں بھارتی حکام سے شواہد مانگے ہیں جب کہ اس حوالے سے پاکستانی کشمیر میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ٹرک سروس معطل ہونے کے باعث دونوں اطراف کے تاجروں کے میوہ جات سے لدے درجنوں ٹرک کنٹرول لائن کے دونوں جانب کھڑے ہیں اور انہیں تشویش ہے کہ اگر دو روز میں ٹرک سروس بحال نہ ہوئی تو اُن کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

کنٹرول لائن کے آرپار ٹرک سروس ہفتے میں چار دن جبکہ بس سروس ایک دن ہوتی ہے۔

گزشتہ برس جنوری میں بھی کشمیر کے حکام نے منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں پاکستانی کشمیر کے ایک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا تھا، جس کے خلاف مقدمہ اب بھی چل رہا ہے۔

اُس واقع کے بعد بھی کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے آر پار ٹرک سروس ایک ماہ تک معطل رہی۔

XS
SM
MD
LG