رسائی کے لنکس

کٹاس راج میں پانی کے تالاب خشک، سپریم کورٹ کا نوٹس


ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی خبروں کا چیف جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا ہے۔

صوبہ پنجاب کے ضلع چکوال میں ہندوؤں کے مقدس مقام کٹاس راج مندر میں تالابوں کا پانی تقریباً خشک ہو گیا ہے۔

اس بارے میں ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی خبروں کا چیف جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس نے وفاقی اور صوبہ پنجاب کے محکمۂ آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر جنرلز، محکمۂ اوقاف کے سیکرٹری اور لاہور اور چکوال کے ڈپٹی کمشنروں سے اس بارے میں تین دن میں جواب طلب کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ علاقے میں سیمنٹ فیکٹریاں بہت زیادہ پانی استعمال کر رہی ہیں اور اُنھوں نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے زیر زمین پانی کے حصول کے لیے 100 سے زائد ’واٹر بورنگ‘ کر رکھی ہیں۔

چکوال کے علاقوں چوا سیدن شاہ اور کٹاس راج میں مقامی آبادی کو پانی کی مناسب سپلائی نہ ملنے کے سبب بھی لوگوں نے گھریلو استعمال کے لیے تقریباً ہر گھر میں بورنگ کرا رکھی ہے، جس سے نہ صرف زیر زمین پانی کی سطح تیزی سے نیچے جا رہی ہے بلکہ کٹاس راج مندر کے تالابوں کا پانی بھی خشک ہو گیا ہے۔

پاکستان میں پوٹھوہار کے علاقے میں کلر کہار سے چوا سیدن شاہ کی طرف جائیں تو راستے میں کٹاس کے مندر آتے ہیں جن کا شمار ہندو مذہب کے ماننے والوں کے مقدس مقامات میں ہوتا ہے۔

دو ہزار پانچ میں ان مندروں میں موجود ہندووں کے مقدس تالاب اور دیگر عمارتوں کی بحالی کے لیے کوششیں شروع کی گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG