رسائی کے لنکس

کیٹ ونسلیٹ کی ’خفیہ‘ شادی


(فائل فوٹو)

یہ شادی اتنی خفیہ رکھی گئی کہ اس کا علم دونوں کے گھر والوں کو بھی نہیں تھا ۔

برطانوی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ شہرہ آفاق فلم ٹائی ٹینک کے مرکزی کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ کی تیسری شادی برطانیہ کے سرمایہ کار سر رچرڈ برینسن کے بھتیجے نیڈ راک اینڈ رول سے ایک سادہ سی تقریب میں ہوئی۔

کیٹ کے ترجمان نےگذشتہ روز اداکارہ کی شادی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ شادی کی تقریب خفیہ رکھی گئی تھی اس تقریب میں چند دوست اورکیٹ کے دونوں بچے شریک ہوئے۔ جبکہ اداکارہ کی اسی سال گرمیوں میں نیڈ سے منگنی ہوئی تھی، یہ شادی اتنی خفیہ رکھی گئی کہ اس کا علم دونوں کے گھر والوں کو بھی نہیں تھا ۔

برطانوی روزنامے کے مطابق ونسلیٹ گذشتہ سال گرمیوں میں چھٹیاں گزارنے اپنے دونوں بچوں جو اور میا کے ہمراہ کریبین کے نیکر آئی لینڈ گئی تھیں، جہاں وہ سر رچرڈ کے ہالیڈے ہاؤس میں ٹہریں اور یہیں ان کی ملاقات نیڈ روک اینڈ رول سے ہوئی ۔

دوران تعطیلات جب سر رچرڈ کے 60 ملین پاؤنڈ مالیت کے گھر میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی تو کیٹ نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیڑھی کی مدد سے اپنے دونوں بچوں اور سر رچرڈ کی نوے سالہ ماں کو جلتے ہوئے گھر سے باحفاظت باہر نکالا تھا کیٹ کی اس مہربانی کو سر رچرڈ نہیں بھولے اسی لیے انھوں نے اس نئے نویلے جوڑے کو ورجن گالاکٹک فلائیٹ (خلا میں جانے والی پہلی کمرشل فلائیٹ ) کا 1 لاکھ 24 ہزار پاؤنڈ کا ٹکٹ شادی کے تحفے میں دیا ہے ۔

بقول سر رچرڈ ادکارہ نے ان سے ایک بار خلا میں جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اسی لیے انھوں نے اس جوڑے کو خلا میں جانے کا انوکھا تجربہ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔

یاد رہے کہ یہ فلائیٹ آئندہ برس ستمبر کے مہینہ میں خلا کے سفر پر روانہ ہو گی اس فلائیٹ کے اب تک 350 سے زائد ٹکٹ فروخت کیے جا چکے ہیں دو گھنٹے کی اس فلائیٹ میں مسافر بے وزن ہونے کے احساس کے ساتھ ساتھ زمین کو گھومتا ہوا بھی دیکھ سکیں گے۔

کیٹ ونسلیٹ اپنی جاندار اداکاری کے سبب اب تک 6 بار اکیڈمی ایواڈ کے لیے نامزد ہو چکی ہیں جبکہ ان کو ایک بار یہ ایواڈ 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ' دا ریڈر ' پر دیا گیا۔

اداکارہ نے پہلی شادی فلم ٹائی ٹینک کی کامیابی کے فوراً بعد اسسٹنٹ ہدایت کار جم تھریپلیٹن سے کی جو صرف تین سال برقرار رہی اور2001 میں انجام پذیرہوئی ۔

دوسری شادی اسکائی فال اور امریکن بیوٹی کے ہدایت کار سیم منڈیس سے2003 میں ہوئی ، جو سات سال بعد 2010 میں اختتام پذیر ہوئی۔

ادکارہ کے تیسرے شوہر ابل اسمتھ اپنے آپ کونیڈروک اینڈ رول کہلوانا پسند کرتے ہیں وہ ورجن گالاکٹک میں جزوقتی ملازمت کرتے ہیں ۔
XS
SM
MD
LG