رسائی کے لنکس

امریکی وزیر خارجہ کی شاہ عبداللہ سے ملاقات


شاہ عبداللہ سے ملاقات میں جان کیری نے عراق اور شام کے بحران پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے عراق اور شام کے بحران پر سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ سے ملاقات کی جب کہ سعودی شہر جدہ میں مسٹر کیری شام کے باغی رہنما احمد جاربا سے بھی ملے۔

احمد جاربا سے مختصر ملاقات میں جان کیری نے کہا کہ وہ شام میں حزب مخالف کے جس معتدل گروپ کی قیادت کر رہے ہیں وہ جنگجو گروپ دولت اسلامیہ فی عراق ولشام (داعش) سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

سنی جنگجوؤں کا گروپ شام کے بیشتر حصے پر قابض ہے جب کہ حالیہ ہفتوں میں اس نے عراق کے مختلف علاقوں کا کنٹرول حاصل کیا ہے۔

جان کیری کے سعودی عرب کے اس دورے سے ایک روز قبل امریکہ کے صدر براک اوباما نے امریکی کانگریس سے کہا تھا کہ وہ شام کے معتدل باغیوں کی مدد کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی منظوری دے۔

یہ خبر سعودی عرب کے لیے خوش آئند ہو گی کیوں کہ وہ شام میں باغیوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔

اس سے قبل پیرس میں جمعرات کو جان کیری نے عرب ممالک سے کہا تھا کہ وہ عراق میں سنی قبائل پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ یہ ملک خانہ جنگی کے دہانے سے واپس آ سکے۔

XS
SM
MD
LG