رسائی کے لنکس

امریکی وزیر خارجہ فلسطینی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے


کیری جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کر چکے ہیں
کیری جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کر چکے ہیں

فلسطینی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ وہ سکیورٹی کونسل میں ان کی مجوزہ قرار داد پیش کرنے جا رہے ہیں جس پر رائے شماری ممکنہ طور پر جمعرات کو ہو سکتی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری منگل کو فلسطین کے اعلیٰ مذاکرات کار صائب عریقات سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات سکیورٹی کونسل میں ایک مجوزہ قرار داد پیش ہونے سے پہلے ہو رہی ہے جس میں اسرائیل کے لیے فلسطینی علاقے خالی کرنے کی حتمی تاریخ مقرر کرنے کا کہا گیا ہے۔

یہ بات چیت لندن میں کیری کی طرف سے صورت حال کو سمجھنے کی ان کوششوں کے بعد ہو رہی ہے جس میں ان کی اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے روم میں ہونے والی بات چیت، فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔

کیری عرب لیگ کے سربراہ نبیل العرابی سے بھی منگل کو ملاقات کریں گے۔ فلسطینی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ وہ سکیورٹی کونسل میں ان کی مجوزہ قرار داد پیش کرنے جا رہے ہیں جس پر رائے شماری ممکنہ طور پر جمعرات کو ہو سکتی ہے تاہم مسودے کو پیش کرنے کا وقت ابھی غیر یقینی ہے اور اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ اس پر رائے شماری ہو گی۔

اردن کی طرف سے سامنے آنے والی تجویز میں اسرائیل کو قبضہ چھوڑنے کے لیے دو سال کی مدت تجویز کی گئی ہے۔

ایک دوسری تجویز جو فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے زیر غور ہے، میں صرف امن مذاکرات سے متعلق ڈیڈلائن دینے کی بات کی گئی ہے۔

سکیورٹی کونسل کی قرار داد کو منظوری کے لیے 15 میں سے 9 رکن ممالک کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔ پانچ مستقل ارکان (برطانیہ، فرانس، روس، چین اور امریکہ) میں سے کوئی بھی اس قرار داد پر رائے شماری کو ویٹو کر سکتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداروں نے پیر کو کہا تھا کہ اس (قرار داد) میں "کچھ چیزیں" ایسی ہیں جن کی امریکہ حمایت نہیں کرے گا اور حکام یہ واضح کر چکے ہیں کہ امریکہ قرار داد کے ذریعے سخت گیر اقدام کی بجائے مذاکرات سے معاملات کے حل کو ترجیح دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG