رسائی کے لنکس

امریکی وزیر خارجہ یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے دورے پر


محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ پیرس میں قیام کے دوران جان کیری اپنے ہم منصب سے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ہونے والے مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری یورپ، مشرقی وسطیٰ اور ایشیا کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ اپنے ہم منصبوں سے اقتصادی تعاون، سلامتی کے امور اور عالمی سطح پر صحت سے متعلق معاملات پر بات چیت کریں گے۔

جان کیری سب سے پہلے پیرس پہنچیں گے، جہاں وہ فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فیبیوس سے یوکرین میں عدم استحکام، ایبولا وائرس اور دولت اسلامیہ کے خلاف عراق اور شام میں لڑائی سے متعلق معاملات پر بات چیت کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ پیرس میں قیام کے دوران جان کیری اپنے ہم منصب سے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ہونے والے مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

عمان میں جان کیری ایک سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن بھی شرکت کریں گی۔

جان کیری بیجنگ بھی جائیں گے جہاں وہ ایشیا، پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے جب کہ صدر اوباما نے بھی اس اجلاس میں بعد ازاں شریک ہونا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق بیجنگ میں قیام کے دوران جان کیری چینی عہدیداروں سے ماحول دوست توانائی، سائیبر سکیورٹی اور خواتین کی اقتصادی خود مختاری پر تبادلہ خیال کریں گے۔

XS
SM
MD
LG