رسائی کے لنکس

اسمبلیوں کی مدت چار سال کرنے کی تجویز


جس طرح سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تمام صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو تفویض کردیئے تھے۔ اسی طرح، وزیراعظم نواز شریف جمہوریت کو آئے دن کے خطرات سے بچانے کے لئے آئندہ اسمبلیوں کی معیاد چار سال مقرر کرا دیں

پاکستان کے ایوان زیریں میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملیں گے، انہیں آئندہ اسمبلیوں کی معیاد 5 سال کے بجائے 4 سال کرنے کی تجویز ضرور دیں گے۔

اپوزیشن رہنما منگل کو پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتخابی اصلاحات کے لئے جو تجاویز تیار کی ہیں ان میں سب سے اہم تجویز یہی ہے کہ جس طرح سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تمام صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو تفویض کردیئے تھے اسی طرح وزیراعظم نواز شریف جمہوریت کو آئے دن کے خطرات سے بچانے کے لئے آئندہ اسمبلیوں کی معیاد چار سال مقرر کرا دیں۔

اپنی تجویز کا جواز پیش کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے موقف اختیار کیا کہ اس اقدام سے جمہوریت تو مضبوط ہوگی ہی، ساتھ ہی ساتھ کسی کو بھی سازش کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے، اس کے بعد اس تجویز پر عمل ہو۔

خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں جموریت ابھی پاوٴں پاوٴں چل رہی ہے۔ لیکن، اگلی مدت میں وہ ’بالغ‘ ہو چکی ہوگی، اسے تدبر آچکا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG