رسائی کے لنکس

مغوی سوئس جوڑے کی ویڈیو جاری


مغوی سوئس جوڑے کی ویڈیو جاری
مغوی سوئس جوڑے کی ویڈیو جاری

پاکستان کے صوبے بلوچستان سے اغوا کیے گئے ایک سوئس جوڑے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کردی گئی ہے جس میں مغویوں نے حکام سے اغوا کنندگان کے مطالبات تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سوئس جوڑے کی یہ ویڈیو منگل کو ایک پاکستانی تھنک ٹینک 'فاٹا ریسرچ سینٹر' کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ 'یو ٹیوب' پر جاری کی گئی۔ ادارے نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ اس تک یہ ویڈیو کیسے پہنچی۔

یاد رہے کہ سوئٹزرلینڈ کے شہری میاں بیوی پاکستان میں سیر و تفریح کی غرض سے آئے تھے جس کے دوران انہیں نامعلوم اغوا کاروں نے رواں برس جولائی میں بلوچستان کے ضلع لورا لائی سے اغوا کرلیا تھا۔

ویڈیو میں دونوں مغویوں نے مطمئن انداز میں جرمن زبان میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ چار مسلح افراد بھی موجود ہیں۔ مغوی مرد نے اپنے ہاتھ میں ایک اخبار تھام رکھا ہے جس پر 15 ستمبر 2011ء کی تاریخ درج ہے۔

واضح رہے کہ اغوا کنندگان نے مغویوں کی رہائی کے بدلے امریکہ میں قید ایک پاکستانی سائنس دان کی رہائی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

پاکستان میں حالیہ مہینوں میں اغوا برائے تاوان کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن کا نشانہ کبھی کبھار غیر ملکی بھی بن جاتے ہیں۔

ایسے ہی ایک واردات میں نامعلوم مسلح افراد دو ماہ قبل ترقیاتی کاموں کے ایک امریکی ماہر کو لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اغوا کرکے لے گئے تھے۔

آٹھ مسلح اغوا کاروں نے اگست میں ستر سالہ وارن وینسٹین کے گھر میں گھسنے کے بعد ان کے ذاتی محافظوں پر قابو پالیا تھا اور امریکی شہری کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے جن کا اب تک کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG