رسائی کے لنکس

شمالی کوریا سیلاب:جنوبی کوریا کے ریڈ کراس کی طرف سے امداد کی فراہمی


شمالی کوریا میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے جنوبی کوریا کی ریڈ کراس تنظیم 80لاکھ ڈالر مالیت کی ہنگامی امداد فراہم کرے گی۔

جنوبی کوریا کی قومی ریڈکراس کے سربراہ یو چونگ ہا نے پیر کو سیول میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کی تنظیم پڑوسی ملک کو تقریباً پانچ ہزار ٹن چاول اور دس ہزار ٹن سیمنٹ بھیجے گی۔ ان کے بقول گوکہ پیانگ یانگ نے بھاری مشینری فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے لیکن یہ ان کے دائرہ کار میں نہیں اور اسے بھیجنے کا فیصلہ جنوبی کوریا کی حکومت کرے گی۔

تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کوریائی جنگ میں منقسم ہونے والے خاندانوں کی دوبارہ ملاقات کی تقریب کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے ابھی وقت درکار ہے اور یہ غالباً اکتوبر میں ہوسکتی ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے نے ہفتے کو کہا تھا کہ ان کی ریڈ کراس کے سربراہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر جلد از جلد اس تقریب کے انتظامات کرنے کا مشورہ دیا تھا کہ یہ ملاقات 22ستمبر کو ممکن ہوسکے۔

منقسم خاندانوں کی ملاقات کی یہ تقریب شمالی سرحدپر ماؤنٹ کم گانگ پر ہوگی۔

دونوں ملکوں کے درمیان یہ تقریبات گذشتہ سال ستمبر اور اکتوبر میں ہوئی تھیں لیکن تعاون کی ان کوششوں کو سیول کی طرف سے شمالی کوریا کی امداد سے انکار کے بعد نقصان پہنچا۔

XS
SM
MD
LG