رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا کی حکمران جماعت کے رہنما شمالی کوریا جائیں گے


جنوبی کوریا کی حکمران جماعت کے رہنما شمالی کوریا جائیں گے
جنوبی کوریا کی حکمران جماعت کے رہنما شمالی کوریا جائیں گے

جنوبی کوریا کی حکمران جماعت کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ رواں ہفتے شمالی کوریا کا دورہ کریں گے۔

'گرینڈ نیشنل پارٹی ' کے رہنما ہانگ جون پیو نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ وہ شمالی کوریا کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے اشتراک سے قائم صنعتی کمپلیکس کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ مذکورہ کمپلیکس میں کئی جنوبی کوریائی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جنہیں وہاں شمالی کوریا کے باشندوں کی صورت میں سستی افرادی قوت دستیاب ہے۔

ہانگ نے رواں ماہ کے آغاز پر سیول اور پیانگ یانگ کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے پڑوسی ملک میں قائم اس صنعتی مرکز کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

جنوبی کوریا کی 'وزارتِ اتحاد'، جو سیول کے شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کی نگرانی کرتی ہے، کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکمران جماعت کے رہنما کو پڑوسی ملک کے دورے کی اجازت دے دی ہے۔

دونوں ممالک کے تعلقات آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہیں جو گزشتہ برس نومبر میں ایک جنوبی کوریائی جزیرہ پر شمال کی بمباری اور اس سے قبل جنوب کے ایک جنگی بحری جہاز کی غرقابی کے بعد کشیدگی کا شکار ہوگئے تھے۔ سیول نے بحری جہازکو غرقاب کرنے کا الزام پیانگ یانگ پر عائد کیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے دونوں ممالک کے جوہری مذاکرات کاروں نے بیجنگ میں ملاقات کی تھی جو دو ماہ میں ان کی دوسری ملاقات تھی۔ تعلقات میں بہتری آنے کے بعد جنوبی کوریا نے اپنے باشندوں کو شمال کے ثقافتی اور مذہبی نوعیت کے دوروں کی محدود اجازت دینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG