شمالی اور جنوبی کوریا نے ایسے دو سوافراد کی فہرست تیار کرلی ہے جو کوریائی جنگ میں منقسم ہونے والے خاندانوں کی رواں سال کی ملاقات کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
سرحدی قصبے کائیسونگ میں بدھ کو ہونے والے اجلاس میں طرفین کے مذاکرات کاروں نے ایک، ایک سو ناموں پر مشتمل فہرست کا تبادلہ کیا۔
جنوبی کوریا کی وزارت اتحاد کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ 30 اکتوبر سے چند روز کے لیے ان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ ماؤنٹ کُم گانگ کے مقام پر منعقد ہورہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جنوبی کوریا کی فہرست میں ایک 97 سالہ خاتون میں شامل ہیں جو اپنی بیٹی سے ملاقات کریں گی۔
1953ء میں ایک معاہدے کے تحت ختم ہونے والی تین سالہ کوریائی جنگ کے بعد لاکھوں خاندان شمالی اور جنوبی کوریا میں منقسم ہوگئے تھے۔
خاندانوں کی ملاقات دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بہتری کا تازہ اشارہ ہے جو کہ مارچ میں جنوبی کوریا کے جنگی بحری جہاز کے غرق ہونے کے بعد سے شدید کشیدہ تھے۔ سیول اس واقعے کا الزام پیانگ یانگ پر عائد کرتا ہے جسے وہ مسترد کرتا ہے۔