رسائی کے لنکس

خیبر پختونخواہ: 356 پن بجلی گھروں کے قیام کا منصوبہ


ذرائع کے مطابق، اس منصوبے سے دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں آبشاروں اور پہاڑی ندی نالوں پر 356 چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کیلئے سروے کی تکمیل اور دیہات کا حتمی انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے

پاکستان کے بالائی صوبے خیبر پختوانخواہ کی حکومت نے بجلی سے محروم آبادیوں کیلئے 356 چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔ اس منصوبے کو ’خوشحالی کے اجالے‘ کا نام دیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت انتہائی سستے داموں پر بجلی فراہم کی جائے گی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق، منصوبے کا باقاعدہ افتتاح صوبے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے برلال کوسخرا، تحصیل مٹہ، ضلع سوات میں کیا۔ یہ نہایت دور افتاد علاقہ ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں پرویز خٹک نے منصوبے سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے انقلابی ہے۔ اس کے ذریعے قومی گرڈ سے مہیا کی جانے والی بجلی کے مقابلے میں پورا سال سستی ترین بجلی کی بلا تعطیل فراہمی جاری رہ سکے گی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ معلومات میں منصوبے کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس منصوبے سے دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں، آبشاروں اور پہاڑی ندی نالوں پر 356 چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کیلئے سروے کی تکمیل اور دیہات کا حتمی انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے۔

چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر ہر آبادی کی مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پائہ تکمیل کو پہنچے گی۔ منصوبے سے مقامی وسائل پر انحصار اور اہل افراد کیلئے روزگارکی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ منصوبے کی نگرانی اور تکمیل صوبائی محکمہ توانائی و بجلی کرے گا۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت عوامی اور گھریلو و صنعتی ضروریات کے مطابق الگ الگ سستی بجلی کے پروگرام متعارف کرارہی ہے جس کے نتیجے میں صوبے سے لوڈ شیڈنگ اور توانائی بحران کا بتدریج خاتمہ ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 356چھوٹے دیہی پن بجلی گھروں کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔ اس کے تحت قائم کئے جانے والے و لالکو ہائیڈل پاور پروجیکٹ کی استعداد 150 کلوواٹ ہوگئی۔ اس پن بجلی گھر پر دو کروڑ چودہ لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ اس سے سات سو پچاس گھروں کو بجلی فراہم ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے صارفین کوپانچ روپے فی یونٹ بجلی فراہم ہو گی، جبکہ پروگرام کے تحت، صوبہ بھر میں اس طرح کے تین سو چھپن چھوٹے پن بجلی گھر قائم کئے جائیں گے جن میں 45 سوات، 25 شانگلہ،35 کوہستان،11 لوئر دیر، 44 اپر دیر، 53 چترال،13 بونیز، نو ملاکنڈ، 20 تورغر،39 بٹگرام، 26 مانسہرہ، 34 ایبٹ آباد اور دیگر مقامات پر تعمیر ہوں گے۔

مجموعی طور پر ان منصوبوں پر پانچ ارب 36کروڑ روپے خر چ ہوں گے، جبکہ ان سے 35 ہزار کلو واٹ بجلی حاصل ہوگی جو متعلقہ تمام دیہات کی آئندہ کئی عشروں کی ضروریات کیلئے بھی کافی ہوگی۔

XS
SM
MD
LG