رسائی کے لنکس

ٹرمپ پوٹن ملاقات ہوگی: کریملن


کریملن کے حکام نے کہا ہے کہ اس بات پر اتفاق ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کسی تیسرے ملک میں سربراہ اجلاس کریں گے۔

یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب پوٹن اور دیگر اعلیٰ روسی اہل کاروں سے بات چیت کے لیے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے بدھ کے روز ماسکو میں تھے۔

کریملن کے بیرونی پالیسی کے مشیر، یوری اشاکوف نے کہا ہے کہ ٹرمپ پوٹن سربراہ اجلاس کے مقام کے بارے میں اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

متوقع طور پر یہ ملاقات اُس وقت ہوگی جب ٹرمپ 11 اور 12 جولائی کو نیٹو کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے یا 13 جولائی کو وہ برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ اُن مقامات میں ویانا یا ہیلسنکی شامل ہیں۔

اس سے قبل، پوٹن نے بولٹن کو بتایا کہ اُن کے دورہٴ ماسکو سے روس امریکہ تعلقات کی بحالی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پوٹن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی صورت حال ’’بہترین نوعیت کی نہیں ہے‘‘۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی ’’افسوس ناک صورت حال‘‘ کے علاوہ بین الاقوامی امور کی وسیع تر نہج زیر گفتگو آئے۔

بولٹن نے کہا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ اُن کے ایک روزہ دورے سے پیش رفت کی بنیاد پڑے گی جو پوٹن اور ٹرمپ کے مابین پہلا سربراہ اجلاس ہوگا۔

ٹرمپ اور پوٹن بین الاقوامی سربراہ اجلاسوں کے احاطے سے باہر مل چکے ہیں جب کہ اُنھوں نے متعدد بار ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔

امریکہ اور روس کے تعلقات شام کے تنازعے میں روس کے کردار اور برطانیہ میں روس کی جانب سے سابق روسی جاسوس کو زہر دینے کے معاملے پر روس پر شبہات کے حوالے سے ہیں۔

XS
SM
MD
LG