رسائی کے لنکس

کویت میں وزیر اعظم کابینہ سمیت مستعفی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خلیجی ریاست کویت کے وزیر اعظم نے اپنا اور کابینہ کے استعفے عرب ریاست کے امیر کو ارسال کر دیے ہیں۔

کابینہ اراکین کے استعفے منگل کو وزیر داخلہ شیخ خالد الجرح الصباح کے خلاف قانون سازوں کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد سامنے آئے ہیں۔ شیخ خالد الجراح حکمران خاندان الصباح کے رکن ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سینئر سرکاری حکام کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے پر ماضی میں بھی کابینہ کا مستعفی ہونا اکثر دیکھا گیا ہے۔

خلیجی ریاست کے حکمران جنہیں امیر کہا جاتا ہے، کابینہ کے استعفے منظور کریں گے۔ جس کے بعد نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

'رائٹرز' کے مطابق قانون سازوں نے شیخ خالد سے عہدے کے غلط استعمال سے متعلق سوالات کیے تھے۔ جو کہ ان کی طرف سے رد کیے گئے تھے۔

اس سے پہلے جمعے کو وزیر برائے پبلک ورکس پارلیمنٹ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے بعد مستعفی ہوئے تھے۔

امریکہ کے اتحادی اور تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ‘اوپیک’ کی رکن ریاست کویت میں مشرق وسطی کی چھ ریاستوں میں سے سب سے زیادہ آزاد سیاسی نظام ہے۔ جس کی پارلیمنٹ کے پاس قانون سازی اور وزرا سے سوال کرنے کے اختیارات بھی ہیں۔

خیال رہے کہ کویت میں حکومت کا سربراہ وزیراعظم ہوتا ہے۔ جسے عرب ریاست کا امیر منتخب کرتے ہیں جبکہ اہم عہدوں پر حکمران خاندان کے افراد تعینات ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG