رسائی کے لنکس

لاہور: امريکی قونصل خانے کا جعلی افسر پکڑا گيا


ايف آئی اے لاہور کے ڈائريکٹر ايڈمنسٹريشن، خواجہ حماد نے ’وائس آف امريکہ‘ کو بتايا کہ نائجيريا کا باشندہ، چی بکی خود کو امريکی قونصل خانے کا نمائندہ ظاہر کرکے مختلف شہريوں کو لوٹتا تھا

کنور رحمان خان

پاکستان کي وفاقی تحقيقاتی ايجنسی نے امريکی قونصل خانے کا جعلی نمائندہ بن کر شہريوں کو لوٹنے والا نائجيريا کا باشندہ گرفتار کر ليا ہے۔

ايف آئی اے لاہور کے ڈائريکٹر ايڈمنسٹريشن، خواجہ حماد نے ’وائس آف امريکہ‘ کو بتايا کہ نائجيريا کا باشندہ، چی بکی خود کو امريکی قونصل خانے کا نمائندہ ظاہر کرکے مختلف شہريوں کو لوٹتا تھا۔ وہ اُن سے جعلی ويزے کی مدد ميں پيسے بٹورتا تھا، جس کے خلاف متعدد شکايات موصول ہونے پر کارروائی کی گئی۔

خواجہ حماد نے بتايا کہ نائجيريا کے شہری کو وفاقی دارالحکومت کے علاقے ايف 10 مرکز سے مورخہ 19 مئی کو ايک خفيہ اطلاع پر گرفتار کيا گيا، اور اس کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر ليا گيا ہے۔

خواجہ حماد کے مطابق، چی بکی نے امريکی قوںصل خانے کی جعلی رسيديں اور مختلف کاغذات بھی بنا رکھے تھے۔ ايف آئي اے کے مطابق، نائجريا کے اس مشتبہ شخص سے 45000 امريکی ڈالر بھی برآمد ہوئے۔

اس سلسلے ميں، ’وائس آف امريکہ‘ لاہور کے نمائندے نے مورخہ 19 مئی کو امريکی قونصل خانے کا مؤقف جاننے کی کوشش کی تو اسسٹنٹ انفارميشن افسر، ردا راشد نے بتايا کہ ايسی کوئی بات قونصل خانے کے علم ميں نہيں ہے۔

جعلی امريکی قونصل خانے کا افسر پکڑے جانے پر قونصل خانے کا مؤقف جاننے کے ليے پبلک افيئرز آفيسر، فرح خان سے بھِی بذريعہ اِی ميل رابطہ کيا گيا، جس کا انہوں نے تاحال کوئي جواب نہيں ديا۔

XS
SM
MD
LG