رسائی کے لنکس

لاہورسے امریکی شہری اغواء


ماڈل ٹاؤن میں وہ گھر جہاں سے امریکی شہری کو اغوا کیا گیا
ماڈل ٹاؤن میں وہ گھر جہاں سے امریکی شہری کو اغوا کیا گیا

حکام کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے ہفتہ کو علی الصباح نامعلوم مسلح افراد نے ایک امریکی شہری کو اغوا کرلیا۔

امریکی سفارت خانے نے 60 سالہ امریکی شہری کی شناخت وان وانسٹائن کے نام سے کی ہے جو امریکہ میں قائم ایک ترقی سے متعلق ایک کنسلٹنٹ کمپنی جے ای آسٹن ایسوسی ایٹس میں پاکستان کے لیے ایک ڈائریکٹر کے طورپر کام کررہے تھے۔

پولیس کا کہناہے کہ انہیں معلوم ہوا کہ وانسٹائن نے پاکستان میں اپنا کام مکمل کرلیا تھا اور وہ پیر کو اس ملک سے سے واپس جانے والے تھے۔ وہ اسلام آباد سے کچھ ہی قبل لاہور واپس آئے تھے۔

ایک سوشل نیٹ ورک سائٹ لنکڈلن پر موجود انسٹائن کے پروفائل سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ 2004ء سے لاہور میں رہ رہے تھے اور امریکہ کے امدادی ادارے یوایس ایڈ اور پاکستان کی حکومت کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہے تھے۔

جے ای آسٹن ایسوسی ایٹس کا کہناہے کہ وانسٹائن پچھلے 25 برسوں سے بین الاقوامی ترقیاتی پروگراموں کے لیے کام کررہےتھے۔ ان کے پاس بین الاقوامی قانون اور معاشیات میں پی ایچ ڈی اور بین الاقوامی تعلقات میں ایم کی ڈگریاں تھیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ اور ان کے اپنے مطابق وہ چھ زبانیں بول سکتے تھے۔

ماڈل ٹاؤن تھانے کے انچارج تجمل حسین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ امریکی شہری کے تین محافظ ایک ڈرائیور سحری کررہے تھے جب گیٹ پر تین افراد سحری دینے کے بہانے آئے۔ اسی اثنا میں پانچ دیگر افراد گھر کی عقبی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور محافظوں کو باندھ کر ڈرائیور کو لے کر وائنسٹائین کے کمرے میں گئے اور وہاں سے امریکی شہری کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

تجمل حسین نے بتایا کہ امریکی شہری کے چاروں ملازمین کو حراست میں لے گیا گیا ہے اور دیگر شواہد بھی جمع کیے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے اپنے شہری کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانہ پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات کررہا ہے۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG