رسائی کے لنکس

مغوی امریکی کی بازیابی کےلیےکوششیں جاری


مغوی امریکی کی بازیابی کےلیےکوششیں جاری
مغوی امریکی کی بازیابی کےلیےکوششیں جاری

پاکستان میں تحقیقاتی پولیس افسران کا کہنا ہے کہ لاہور کے ایک رہائشی علاقے سے ایک روز قبل اغواء ہونے والے امریکی کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں اور اب تک کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کرپوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔ لیکن تاحال حکام نے تحقیقات میں کسی پیش رفت کا دعویٰ نہیں کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو سحری کے وقت لگ بھگ آٹھ نامعلوم مسلح افراد نے ماڈل ٹاؤن میں 63 سالہ وارن وائن سٹائن کے گھر میں داخل ہوکر وہاں تعینات محافظوں کو رسیوں سے باندھنے کے بعد امریکی شہری کواپنے ساتھ لے گئے۔

تحقیقات کے سلسلے میں زیر حراست مشتبہ افراد میں واردات کے وقت گھر میں موجود نجی کمپنی کے محافظ بھی شامل ہیں۔ پولیس افسران کے بقول اُنھیں اُمید ہے کہ امریکی شہر ی کو جلد بازیاب کرالیا جائے گا تاہم اُنھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام نے ابھی تک اُنھیں تحقیقات میں کسی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا ہے۔ تاحل کسی نےوارن وائن سٹائن کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔

ترقیاتی کاموں کے ماہروارن وائن سٹائن گزشتہ پانچ سالوں سے پاکستان میں مقیم تھے اور وفاق کے زیر انتظام پاکستان کے قبائلی علاقوں میں نجی امریکی کمپنی ’جے۔ای آسٹن اینڈ ایسوسی ایٹس‘ کے ترقیاتی منصوبوں کے نگران تھے۔ اطلاعات کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد 15 اگست کو وہ واپس وطن جانے والے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا ء کاروں کے کچھ ساتھی سحری کے وقت ڈیوٹی پر موجود محافظوں کے ساتھ کھانے میں شامل ہونے کے بہانے گھر کے اندر داخل ہوئے اور تمام افراد کو رسیوں سے باندھنے کے بعد وارن وائن سٹائن کے ڈرائیور کو مجبور کیا کہ وہ امریکی شہری کے کمرے پر دستک دے کر اُسے نیند سے جگا کر باہر بلائے ۔ پولیس کاکہنا ہے کہ جونہی وائن سٹائن نے دروازہ کھولاحملہ آور اُسے اغواء کر کے اپنے ساتھ لے گئے ۔

گزشتہ ماہ بلوچستان میں ایک امریکی امدادی تنظیم کے آٹھ پاکستانی ملازمین کو بھی نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا جو تاحال لاپتا ہیں۔

XS
SM
MD
LG