رسائی کے لنکس

ہیوسٹن میں زور دار دھماکے سے کم ازکم دو افراد ہلاک


دھماکے کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جسے فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے قابو پانے کی کوشش کی۔
دھماکے کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جسے فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے قابو پانے کی کوشش کی۔

امریکی شہر ہیوسٹن میں جمعے کی علی الصبح ایک صنعتی عمارت میں ہونے والے ایک زوردار دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے آواز کئی میل دور تک سنی گئی۔

دھماکے کے نتیجے میں متعدد قریبی عمارتوں اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جب کہ علاقے میں ملبے کا ڈھیر لگ گیا ہے۔

ہیوسٹن کے فائر بریگیڈ نے بتایا ہے کہ دھماکے بعد ایک شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن کا جسم بری طرح جھلس چکا تھا۔

ہیوسٹن پولیس کے سربراہ، آرٹ اسیویڈو نے جمعے کی صبح بتایا کہ کم از کم ایک شخص لاپتا ہے۔ مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جائے حادثہ سے دور رہیں۔

ہیلی کاپٹر سے لی گئی تصاویر میں دھماکے کے مقام پر ملبے کا ڈھیر نظر آ رہا ہے۔ دھماکے سے قرب و جوار کی کئی عمارتوں کی دیواریں اور چھتیں گرنے کی اطلاعات ہیں۔

مارک براڈی اس عمارت کے قریب ہی رہتے ہیں جہاں دھماکہ ہوا تھا۔ انھوں نے ہیوسٹن ٹیلی ویژن اسٹیشن، ’کے پی آر سی‘ کو بتایا کہ جب دھماکہ ہوا تو وہ سو رہے تھے، لیکن اس کی آواز اور دھمک اتنی شدید تھی کہ وہ بستر سے نیچے گر گئے۔

بقول ان کے ’’ہمارے گھر کی تمام کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ قریبی گھروں کے گیراج کے دروازے بھی ٹوٹ گئے؛ حتیٰ کہ لوگوں کے گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر پڑیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG