رسائی کے لنکس

کٹ، کاپی، پیسٹ کے موجد لیری ٹیسلر انتقال کر گئے


(فائل فوٹو)

کمپیوٹر کی دُنیا میں اہم ایجاد 'کٹ، کاپی، پیسٹ' اور 'فائنڈ اینڈ رپلیس' کے موجد لیری ٹیسلر 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

لیری ٹیسلر نے 1960 کی دہائی میں 'سیلیکون ویلی' میں اُس وقت کام شروع کیا تھا جب بیشتر لوگوں کے پاس کمپیوٹر کی سہولت نہیں تھی۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'بی بی سی' کے مطابق ٹیسلر 1945 میں نیویارک میں پیدا ہوئے اور اُنہوں نے کیلیفورنیا کی اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔

لیری ٹیسلر نے 1983 میں 'کٹ، کاپی، پیسٹ' کی کمانڈز متعارف کرائیں جس نے پرسنل کمپیوٹر کے استعمال کو مزید آسان بنا دیا۔

ٹیکنالوجی کمپنی 'زیروکس' نے، جہاں ٹیسلر نے اپنے کیریئر کا بیشتر وقت گزارا، ٹیسلر کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں کمپنی نے کہا ہے کہ ٹیسلر کی خدمات نے آج ہماری زندگیوں کو آسان بنا دیا ہے۔

ٹیسلر نے اپنے طویل کیریئر کے دوران دُنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں کام کیا۔ اُنہوں نے ایپل، ایمیزون اور یاہو میں بھی خدمات سرانجام دیں۔ اُنہوں نے زیروکس سے اپنا کیریئر شروع کیا تھا لیکن اسٹیو جابز اُنہیں 'ایپل' لے گئے تھے جہاں اُنہوں نے 17 سال کام کیا۔

ماہرین کے مطابق 'کٹ، کاپی، پیسٹ' کی ایجاد اُسی روایتی طریقے کو دیکھ کر کی گئی تھی جس میں کاغذ کے ٹکڑوں کو ایک جگہ سے کاٹ کر دُوسری جگہ پر چپکا دیا جاتا تھا۔

ان کمانڈز کو پہلی بار 'ایپل' نے 1983 میں اپنے سافٹ ویئر میں متعارف کرایا تھا۔ اس کے اگلے سال ایپل نے 'میکنٹوش' کمپیوٹر متعارف کرایا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG