رسائی کے لنکس

لاس ویگاس: حملہ آور نے کئی ہوٹلوں میں کمرے بک کرائے تھے


فائل
فائل

ذرائع ابلاغ نے قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیڈک نے ’لولا پلوزا فیسٹول‘ کے دوران شکاگو کے ایک ہوٹل میں دو کمرے بُک کرائے تھے، جس میں شرکت کے لیے اگست کے مہینے میں ہر سال موسیقی کے لاکھوں شائقین آتے ہیں۔ تاہم، پیڈک اُس کمرے میں نہیں ٹھہرا۔

قانون کے نفاذ سے وابستہ حکام نے بتایا ہے کہ امریکی تاریخ کی شوٹنگ کے سب سے المناک واقعے کے ارتکاب سے کچھ ہی ماہ اور چند دِن قبل، اسٹیفن پیڈک نے لاس ویگاس کے علاوہ شکاگو کے بھی چکر لگائے تھے، جہاں اُس نے اُن مقامات کے قریب واقع ہوٹلوں میں کمرے بُک کرائے جن سے اُن شہروں میں منعقد ہونے والی موسیقی کی محفلوں کے مقامات با آسانی سے نظر آتے تھے۔

ذرائع ابلاغ نے قانون کا نفاذ کرنے والے اہل کاروں کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پیڈک نے ’لولا پلوزا فیسٹول‘ کے دوران شکاگو کے ایک ہوٹل میں دو کمرے بُک کرائے تھے، جس میں شرکت کے لیے اگست کے مہینے میں ہر سال موسیقی کے لاکھوں شائقین آتے ہیں۔ تاہم، پیڈک اُس کمرے میں نہیں ٹھہرا۔

سب سے پہلے یہ رپورٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ چینل نے دی، جس نے بتایا ہےکہ یہ بات نہیں معلوم آیا اُس اختتام ہفتہ کے دِنوں میں وہ شکاگو ہی میں تھا۔

اِسی طرح، پچھلے اتوار کو ’کنٹری میوزک فیسٹول‘ پر کیے گئے حملے سے پہلے، پیڈک نے ’لائف از بیوٹی فل‘ کے متبادل موسیقی کے میلے کے دوران، لاس ویگاس کی ایک عمارت کے اوپر والے طبقے کے دو کمروں میں بھی پیشگی بکنگ کرائی تھی۔ یہ بات کلارک کاؤنٹی کے پولیس سربراہ، جوزف لمبارڈو نے بتائی ہے۔

لاس ویگاس کے ’منڈالے بے ریزارٹ‘ ہوٹل کے ملازمین نے اُس کمرے کے بارے میں جہاں سے پیڈک نے گولیاں چلا کر 58 افراد کو قتل کرنے کے بعد اپنی جان لی، بتایا ہے کہ اُنھوں نے خصوصی طور پر بالائی منزلوں کے کمرے میں ٹھہرنے کی درخواست کی تھی جہاں سے روٹ 91 کے ’ہارویسٹ میوزک فیسٹول‘ پر آسانی سے نظر پڑتی تھی۔

حکام ابھی تک حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز لاس ویگاس کا دورہ کیا جہاں اُنھوں نے تعزیت کی، لواحقین سے ملاقات کی اور پولیس اور امدادی کام انجام دینے والے کارکنان سے ملے۔

خاتونِ اول، ملانیا ٹرمپ کے ہمراہ کھڑے ہو کر اُنھوں نے ایمرجنسی امور سے وابستہ کارکنان اور طبی عملے سے بات کی، جو اتوار کے روز کی خونریزی کے واقعے کی ہنگامی صورت حال سے نبردآزما ہوئے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’’جو کچھ آج میں نے دیکھا وہ اہل کاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کسی امریکی کے لیے یہ ایک فخر کی بات ہے‘‘۔

شیرف لمبارڈو نے بتایا کہ ضرورت اِس بات کی ہے ہر اُس فرد تک پہنچا جائے جنھیں مسلح شخص، پیڈک کے کسی ممکنہ ساتھی کا پتا ہو، جن کی تلاش ممکن ہو سکے۔

بدھ کی علی الصبح، پیڈک کی گرل فرینڈ، ماریلو ڈنالے کے وکیل نے بتایا کہ ڈنالے کو قطعی طور پر کوئی علم نہیں تھا کہ پیڈک کے من میں کیا تھا۔

اپنے اٹارنی، میتھیو لومبارڈ کے ذریعے، ڈنالے نے بتایا کہ ’’اُنھوں نے مجھے کبھی نہیں بتایا کہ وہ ایسا کوئی قدم اٹھانے والے ہیں؛ نہ ہی مجھ سے ایسی کوئی بات ہوئی، جس سے اس بات کا کوئی گمان پیدا ہو کہ وہ ایسا کوئی گھناؤنا قدم اٹھانے والے ہیں‘‘۔

تفتیش کاروں نے پیڈک کے ہوٹل روم کے اندر سے 23 بندوق کے علاوہ 12 نام نہاد ’بَمپ اسٹاک‘ آلات برآمد کیے ہیں، جس سے ایک رائفل لگاتار فائر کرنے کے قابل ہو جاتی ہے۔

مسلح شخص نے اپنے کمرے کے باہر ہال وے کی منظر کشی کے لیے متعدد کیمرے نصب کیے تھے،جس کا مقصد بظاہر پولیس کی آمد پر نظر رکھنا تھا۔

شیرف لیمبارڈو نے بتایا کہ پیڈک نے اپنے کمرے سے باہر ہال وے میں تقریباً 200 گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی محافظ زخمی ہوا، جو چھان بین کی غرض سے وہاں پہنچا تھا۔ زخمی ہونے کے باوجود اس محافظ نے پولیس کو اطلاع دینے میں مدد فراہم کی۔

ادھر، ریاستِ نیواڈا میں پیڈک کے دو گھروں سے مزید 26 بندوقیں برآمد ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG