رسائی کے لنکس

ٹائٹینک کے ہیرو کا اداکاری چھوڑنے کا اعلان


اُن کی یہ غیرحاضری کتنی لمبی ہوگی وہ نہیں بتا سکتے۔ لیکن، اُن کے مداح اُنھیں کچھ عرصے تک پردہ اسکرین پر نہیں دیکھ سکیں گے

شہرہٴ آفاق رومانوی فلم ’ٹائٹینک‘ میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے اداکار، لیونارڈو ڈی کیپریو نے ہالی وڈ فلم انڈسٹری کی مصروفیات سے رخصت لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُنھوں نے اس بات کا اعلان گذشتہ رات نیویارک میں اپنی نئی فلم ’دا گریٹس گیٹسبی' کے ورلڈ پریئمیر کے موقع پر کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُنھیں ہالی وڈ سے بے پناہ شہرت ملی ہے۔ لیکن، اب اُنھیں اِس شہرت سے گھبراہٹ محسوس ہو رہی ہے۔ لہذا، وہ کچھ عرصے کے لیے فلمی صنعت سے دور رہنا چاہتے ہیں۔

اُنھوں نے اپنے مستقبل کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، 'اداکاری سے وقفہ لینے کا مقصد دراصل یہ ہے کہ میں خود کو تھوڑا وقت دینا چاہتا ہوں، تاکہ کچھ دوسرے کام بھی دیکھوں۔'

اُنھوں نے اپنے مداحوںکو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ غیرحاضری کتنی لمبی ہو گی وہ نہیں بتا سکتے۔ لیکن، اُن کے مداح اُنھیں کچھ عرصے تک پردہ اسکرین پر نہیں دیکھ سکیں گے۔جبکہ، اُنھوں نے قطعی انداز میں کہا کہ وہ اپنا فیصلہ بدلنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔

اڑتیس سالہ اداکار لیونارڈو جنھوں نے فلم ٹائٹینک میں'جیک' کا کردار بخوبی نبھایا تھا اس کردار نے انھیں اچانک ہی شہرت کے ساتویں آسمان پر پہنچا دیا تھا۔ لیونارڈو پچھلے چند برسوں میں ہالی وڈ کی کئی بلاک بسڑ فلموں میں ہیرو کا کردار ادا کر چکے ہیں۔ جبکہ، ان کی دو نئی فلمیں'دا گریٹ گیٹسبی' اپریل کےآخری ہفتے میں جب کہ 'ولف آف وال اسٹریٹ' بعد میں سینما میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی ہیں۔

لیونارڈو کے بقول، ’میں اپنی مصروفیت کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کر رہا۔ میں جانتا ہوں کہ دنیا میں ہر چیز کے لیے ایک قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ لیکن، میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ کیونکہ، میں جو کچھ کرنا چاہتا تھا مجھے وہ سب کرنے کا موقع ملا۔ میں حقیقت میں ایک خوش نصیب شخص ہوں۔‘

لیونارڈو کا اپنی شادی کے بارے میں کہنا تھا کہ، 'میں نے شادی کا ارادا ملتوی نہیں کیا۔ لیکن، میں مستقبل کے لیے منصوبے بنانے پر یقین نہیں رکھتا۔ اس لیے، نہیں جانتا کہ کل میرے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔'
XS
SM
MD
LG