رسائی کے لنکس

لیو نارڈو، لارسن اور ’دی ریوننٹ‘ آسکر ایوارڈز لے اڑے


چھ بار نامزدگی حاصل کرنے کے باوجود آسکر سے محروم رہنے والے لیونارڈو ڈی کیپریو نے فلم ’دی ریوننٹ‘ میں عمدہ اداکاری پربہترین اداکار کے لئے پہلی بار آسکر ٹرافی اپنے ہاتھوں میں تھامی۔

فلمی دنیا کے سب سے بڑے آسکر ایوارڈز کا میلہ حسب روایت اس سال بھی سجا خوب دھوم دھام سے ڈولبی تھیٹرز میں جہاں ہالی وڈ کے ستاروں کی جھلملاہٹ نے شام کو اور بھی زیادہ رنگین اور یادگار بنا دیا تھا۔

دنیا بھر کے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا نے ریڈ کارپٹ سے لے کر ایوارڈز کی تقریب کے اختتام تک ہر ہر زاویے کو گھر بیٹھے کروڑوں ناظرین کے لیے اس طر ح پیش کیا جیسے وہ خود تقریب میں موجود ہوں۔

لاس اینجلس میں 88 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں جنہیں عرف عام میں آسکرز کے نام سے جانا جاتا ہے بالآخر لیونارڈو ڈی کیپریو اپنے کیریئر کا پہلا آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو ہی گئے۔

چھ بار نامزدگی حاصل کرنے کے باوجود آسکر سے محروم رہنے والے لیونارڈو ڈی کیپریو نے فلم ’دی ریوننٹ‘ میں عمدہ اداکاری پربہترین اداکار کے لئے پہلی بار آسکر ٹرافی اپنے ہاتھوں میں تھامی۔

دس مختلف شعبوں میں منتخب ہونے والی فلم ’میڈ میکس: فیوری روڈ‘ نے چھ ایوارڈز جیت کر باقی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ’میڈمیکس‘ نے تمام ایوارڈز تکنیکی شعبوں میں حاصل کئے جن میں ملبوسات، میک اپ، پروڈکشن ڈیزائن، تدوین، ساوٴنڈ ایڈیٹنگ، ساوٴنڈ مکسنگ وغیرہ کے شعبے شامل تھے۔

آسکرز 2016ء میں سب سے زیادہ یعنی 12 نامزدگیاں پانے والی فلم ’دی ریوننٹ‘ تین آسکرز حاصل کرسکی۔ ’دی ریوننٹ‘ نے بہترین ہدایت کار، بہترین سینماٹوگرافی اور بہترین اداکار کے ایوارڈز جیتے۔

سال کی سب سے بہترین فلم’ اسپاٹ لائٹ‘ قرارپائی جبکہ بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا ایوارڈ بھی ’اسپاٹ لائٹ‘ کے حصے میں آیا۔

اداکارہ بری لارسن نے پہلی بار میں ہی میدان مارلیا۔ بری لارسن فلم ’دی روم‘ کے لئے پہلی بار بہترین اداکارہ کے آسکر کے لیے نامزد ہوئیں اور ایوارڈ لے اڑیں۔

بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ مارک ریلنس نے فلم ’برج آف اسپائیز‘ کے لیے حاصل کیا۔ سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ایلیشیا وکاندر فلم ’ڈینش گرل‘ کے لیے بہترین معاون اداکارہ قرار دی گئیں۔

پاکستان نے دوسری بار آسکر ایوارڈ پانے کا اعزاز حاصل کیا اور دوسری مرتبہ بھی شرمین عبید چنائے اس کا سبب بنیں۔

شرمین کی مختصر دستاویزی فلم ”اے گرل ان دا ریور“ کو دستاویزی فآسکر ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین دستاویزی فلم کے لیے 'ایمی‘ کو ایوارڈ ملا۔ ’ایمی‘ برطانوی آنجہانی گلوکارہ ایمی وائن ہاوٴس کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔

بہترین طبع زادا سکرین پلے کا ایوارڈ ’بگ شاٹ‘ کودیا گیا۔ بہترین موسیقی کا ایوارڈ برطانوی موسیقار سیم اسمتھ نے جیمز بانڈ سیریز کی فلم’ اسپیکٹر‘ کے لیے جیتا۔

بالی وڈ کی کوئی فلم توایوارڈز کی دوڑ میں جگہ نہ پاسکی لیکن بالی وڈ کی دیسی گرل پریانکا چوپڑہ نے کسی نہ کسی زاویے سے اپنے ملک کی نمائندگی کر ہی لی۔

انہوں نے نہ صرف آسکرایوارڈز کے ریڈ کارپٹ پرجلوے بکھیرے بلکہ بہترین فلم ایڈیٹنگ کا ایوارڈ بھی اپنے ہاتھوں سے جیتنے والے کو پیش کیا۔

XS
SM
MD
LG