رسائی کے لنکس

نیٹو نے لیبیا کے آٹھ جنگی بحری جہاز ڈبو دیے


نیٹو نے لیبیا کے آٹھ جنگی بحری جہاز ڈبو دیے
نیٹو نے لیبیا کے آٹھ جنگی بحری جہاز ڈبو دیے

نیٹو نے کہاہے کہ اس نے فضائی حملوں کے ایک سلسلے میں لیبیا کے معمر قذافی کی وفادار فوج کے آٹھ جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ بحری جنگی جہازوں پرسرت، الخمص اور دارالحکومت طرابلس کی بندرگاہوں میں حملے کیے گئے۔

نیٹو اتحاد کے ایک کمانڈر اور لیبیا آپریشن کے ڈپٹی کمانڈر ریئر ایڈمرل رسل ہارڈنگ نے کہا ہے کہ قذافی کی وفادار فورسز کی جانب سے باردوی سرنگیں بچھانے اور اپنی بحریہ کے استعمال میں اضافےکے بعد ان کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔

عینی شاہدوں کا کہناہے کہ انہوں نے جمعرات کی رات اور جمعے کی صبح سویرے دھماکوں کی آوازیں سنیں اور طرابلس کی بندرگاہ سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے ہوئے دیکھے۔

الخمص کی بندرگاہ پر برطانوی لڑاکا طیارے نے حملہ کیا اور برطانوی فوج کے ایک ترجمان میجرجنرل جان لوریمبر کا کہناہے کہ دوچھوٹے جنگی بحری جہازوں کو کامیابی کے ساتھ ہدف بنایاگیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ قذافی کی حامی فورسز ان جہازوں کو باغیوں کے زیر قبضہ شہر مصراتہ کے گرد بارودی سرنگیں بچھانے اور ان کے بحری جہازوں پر حملے کے لیے استعمال کررہے تھے۔

جمعرات کی صبح نیٹو نے کہاتھا کہ اس کے فضائی حملوں سے قذافی افواج کو نمایاں طورپر نقصان پہنچ چکاہے۔

سیکرٹری جنرل اینڈرس فو ارسمسن نے کہاہے کہ معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے لیے حزب اختلاف کی مدد کے ساتھ لیبیا پر فوجی اور سیاسی دباؤ برقرار رکھاجائے گا۔

XS
SM
MD
LG