رسائی کے لنکس

لیبیا: ہوٹل کے باہر کار بم دھماکے سے تین محافظ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سکیورٹی فورسز نے طرابلس کے سب سے اہم ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں عمارت کے اندر مسلح افراد چھپے ہوئے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اس دھماکے کے ذمہ دار ہیں۔

سکیورٹی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں منگل کو ایک بڑے ہوٹل کے باہر ہونے والے کار بم دھماکے میں تین محافظ ہلاک ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز نے طرابلس کے سب سے معروف، کورنتھیا ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں عمارت کے اندر مسلح افراد چھپے ہوئے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اس دھماکے کے ذمہ دار ہیں۔

ہوٹل سکیورٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک مسلح شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز نے ساحل سمندر پر واقع ہوٹل کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کھڑکیوں کے ٹوٹے ہوئے شیشے لگنے سے زخمی ہو گئیں۔

طرابلس میں قائم النابا ٹی وی چینل کے مطابق "اعلیٰ عہدیداران" ہوٹل کے اندر موجود تھے۔ فوری طور پر مزید معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

لیبیا چار سال قبل معمر قدافی کے اقتدار کے خاتمے سے بدامنی کا شکار ہے اور وہاں اس وقت دو متحارب حکومتیں اور پارلیمان اپنے آپ کو قانونی ثابت کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

طرابلس پر 'لیبیا ڈان' نامی گروپ کا قبضہ ہے جس نے اگست میں حریف فورس کو یہاں سے باہر نکال دیا تھا اس گروپ نے سابق پارلیمان کو بحال کر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو ملک کے مشرقی علاقے سے کام کرنے پر مجبور کر دیا۔

XS
SM
MD
LG