رسائی کے لنکس

logo-print

لنزے لوہن زیورات چرانے کے الزام میں گھر میں نظر بند


لنزے لوہن زیورات چرانے کے الزام میں گھر میں نظر بند

زیورات کی چوری کے جرم میں سنائی گئی سزا کے تحت ہالی ووڈکی معروف اداکارہ لنزے لوہن کو ان کے اپنے ہی گھر پر نظر بند کردیا گیا ہے۔

24 سالہ لوہن کو دو ہفتے قبل لاس اینجلس کی ایک مقامی عدالت نے رواں سال جنوری میں ایک اسٹور سے ڈھائی ہزار ڈالرز مالیت کا نیکلس چرانے کا جرم ثابت ہوجانے پر چار ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

لاس اینجلس شیرف ڈپارٹمنٹ کے ترجمان اسٹیو وہائٹ مور کے مطابق لوہن کے جرم کی نوعیت ، ان کے مناسب برتائو اور شہر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہونے کے سبب ہالی ووڈ اداکارہ کو ان کے اپنے ہی گھر میں نظر بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

ترجمان کے مطابق لوہن کو ان کے گھر تک محدود کردیا گیا ہے اور ان کے ہاتھ میں ایک الیکٹرانک کڑا پہنادیا گیا ہے جس کے ذریعے پولیس ڈپارٹمنٹ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکے گا۔

ترجمان کے مطابق لنزے لوہن 35 دن تک اپنے گھر میں نظر بند رہینگی اور ان کی رہائی 29 جون کو متوقع ہے۔

عدالت کی جانب سے لوہن کو سزاکے طور پر 480 گھنٹے کمیونٹی سروس انجام دینے کا بھی حکم دیا گیا تھا جس کے تحت وہ پہلے ہی خواتین کی ایک مقامی جیل میں خدمات انجام دینے کا آغاز کرچکی ہیں۔

'مِین گرلز' سے شہرت پانے والی ہالی ووڈ اداکارہ کو سب سے پہلے 2007ء میں شراب نوشی کرکے ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ پولیس نے ان کے قبضے سے کوکین بھی برآمد کی تھی۔

گزشتہ چار برسوں سے لوہن شراب نوشی، منشیات کے استعمال اور اسی طرز کے دیگر الزامات کے باعث مسلسل عدالت، جیل اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز کے چکر کاٹ رہی ہیں جس کے باعث ان کا فلمی کیریئر بھی داؤ پر لگ چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG