رسائی کے لنکس

برطانوی سب سے زیادہ ائیر لائن ٹیکس ادا کرنے والے مسافر: رپورٹ


مختصر فاصلے کی پرواز کے لیے ایک ٹکٹ پر13پونڈ کا ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے اسی طرح درمیانے فاصلے کی پرواز کے لیے 69 پونڈ جبکہ طویل فاصلے کی پرواز کےلیے 91 پونڈ کی خطیر رقم فی پرواز ادا کرنی پڑتی ہے۔

منصفانہ فضائی ٹیکس سے متعلق ایک تنظیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانوی مسافر دنیا میں سب سے زیادہ ائیر لائن ٹیکس ادا کرتے ہیں جو کہ فرانسیسی مسافروں کےمقابلے میں پچیس گنا زیادہ ہے۔

کیمپیئن گروپ 'اے فئیر ٹیکس آن فلائنگ' کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی مسافروں کو طویل پروازوں کے لیے سب سے زیادہ فضائی ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے اسی طرح مختصر پرواز کے لیے بھی وصول کیا جانے والا ائیر لائن ٹیکس دیگر یورپی ممالک کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔

ڈیلی میل کے مضمون کے مطابق دنیا کے گنے چنے ممالک کی طرح برطانیہ میں مسافروں پر ’’ائیر پیسنجر ٹیکس‘‘ لاگو کیا گیا ہے لیکن برطانیہ کے مقابلے میں ان ملکوں میں پیسنجر ٹیکس کے نام پر بہت کم ادائیگی وصول کی جاتی ہے لیکن برطانوی مسافروں کو ایک بڑی رقم اس ٹیکس کے طور پر ادا کرنی پڑتی ہے۔

برطانوی مسافروں کو مختصر فاصلے کی پرواز کے لیے ایک ٹکٹ پر 13 پانڈ کا ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے اسی طرح درمیانے فاصلے کی پرواز کے لیے 69 پانڈ جبکہ طویل فاصلے کی پرواز کے لیے 91 پونڈ کی خطیر رقم فی پرواز ادا کرنی پڑتی ہے۔

کیمپیئن گروپ کی جانب سے پانچ یورپی ملکوں کے ائیرلائن ٹیکس کا موازنہ برطانوی مسافروں کے فضائی ٹیکس کے ساتھ کیا ہے جن میں آسٹریا، برطانیہ، اٹلی، فرانس، اور جرمنی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں ائیرلائن ٹیکس کی شرح یورپی ملکوں کی نسبت زیادہ بلند ہے کیونکہ برطانیہ میں ٹیکس کی شرح فضائی راستے کی طوالت کے ساتھ بڑھتی ہے اس کے برعکس اٹلی میں ہر قسم کی پرواز کے لیے ائیرلائن ٹیکس 5.99 پونڈ مقرر ہے۔

اسی طرح مہنگی ترین ائیرلائن ٹیکس ادا کرنے والی دوسری قوم جرمن ہے جنھیں مختصر فاصلےکی پرواز کے لیے 5.99 اور درمیانے فاصلے کی پرواز کے لیے 8.70 اور طویل پرواز کے لیے 33.66 پونڈ ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔

فرانسیسی مسافروں کو فضائی ٹیکس کی ادائیگی کے لحاظ سے خوش قسمت بتایا گیا ہے جنھیں مختصر پروازوں کے لیے صرف 90 پینس یعنی ایک پونڈ سے بھی کم ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے جبکہ درمیانے فاصلے اور طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے 3.60 پونڈ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

آسٹریلین مسافروں کے لیے مختصر پرواز کا ائیرلائن ٹیکس 5.59 مقرر ہے درمیانی پرواز کے لیے11.97 اور طویل پروازوں کے لیے مسافروں سے 27.93 پونڈ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ائیرلائن انڈسٹری اور اقتصادی تنظیموں کی جانب سے برطانوی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ مسافروں کے لیے ائیرلائن کے منصفانہ ٹیکس عائد کرنے کے لیے اس شرح میں کمی کی جانی چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG