رسائی کے لنکس

لندن کے میئر کا ’نامناسب‘ اشتہارات پر پابندی کا اعلان


لندن میئر کے آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق لندن کے شہری سرکاری ٹرانسپورٹ پر چسپاں جسمانی نمائش کے اشتہارات کے حوالے سے کافی عرصے سے دباؤ میں تھے اور اسی حوالے سے صادق خان نے لندن کے لوگوں کا ایک بڑا مطالبہ پورا کر دیا ہے۔

لندن کے میئر صادق خان نے اعلان کیا ہے کہ لندن شہر کی پبلک ٹرانسپورٹ پر ایسے اشتہارات ڈسپلے نہیں کیے جائیں گے جو نوجوانوں میں جسمانی تصور کے حوالے سے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

لندن میئر کے آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق لندن کے شہری سرکاری ٹرانسپورٹ پر چسپاں جسمانی نمائش کے اشتہارات کے حوالے سے کافی عرصے سے دباؤ میں تھے اور اسی حوالے سے صادق خان نے لندن کے لوگوں کا ایک بڑا مطالبہ پورا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لندن کے پہلے مسلمان میئر صادق خان نے کہا کہ آئندہ مہینے لندن شہر کے نقل و حمل کے ذرائع یعنی زیر زمین ٹیوب، بسیں اور بس اسٹاپ وغیرہ پر غیر صحت مند یا غیر حقیقی جسمانی تصور کو پیش کرنے والے اشتہارات پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

لندن ٹرانسپورٹ یا ٹی ایف ایل کا کہنا ہے کہ نظر ثانی شدہ اشتہارات کی پالیسی ٹی ایف ایل کو پیش کیے جانے والے تمام نئے اشتہارات پر لاگو ہو گی۔

’ٹی ایف ایل‘ کے نیٹ ورک پر ایسے اشتہارات کو جگہ نہیں دی جائے گی جو غیر صحت مند یا غیر حقیقی جسمانی تصور کے ساتھ ہیں اور جو معقول حد تک لوگوں کو دباؤ میں ڈال سکتے ہیں یا جن سے نوجوان خواتین میں اپنے جسمانی تصور کے حوالے سے خود اعتمادی کے مسائل پیدا ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔

نئی اشتہاری پالیسی کے مطابق سرکاری ٹرانسپورٹ پر زیر جامہ ملبوسات یا سوئمنگ ملبوسات کے اشتہارت کو ڈسپلے نہیں کیا جائے گا۔

ٹی ایف ایل نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی پالیسی سے مٹھی بھر اشتہارت کے متاثر ہونے کی توقع ہے جو ریلوے نیٹ ورک، بس اسٹاپ وغیرہ پر چلائے جاتے ہیں۔

صادق خان نے ایک بیان میں کہا کہ میں دو نو عمر لڑکیوں کا باپ ہونے کی حیثیت سے اس قسم کی تشہیر کے بارے میں انتہائی فکرمند رہتا ہوں، جن میں لوگوں کو نیچا دکھانے بلکہ خاص طور پر خواتین کو اپنے جسمانی تصور پر شرمندگی کے لیے مجبور کیا جاتا ہے اور یہ صحیح وقت ہے کہ اسے یہیں روک دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیوب یا بس سے سفر کرنے والے کسی بھی مسافر پر ایسے اشتہارات کے حوالے سے دباؤ نہیں ہونا چاہیئےجن میں غیر حقیقی جسمانی تصور کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ اور اس کے بارے میں، میں اشتہار بازی کی صنعت کو ایک واضح پیغام بھیج ریا ہوں۔

بتایا گیا ہے کہ مجوزہ پابندی دراصل عوامی مشاورت کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ یہ تبدیلی مسافروں کے تاثرات کی وجہ سے سامنے آئی ہے۔

گریم کریگ ٹی ایف ایل ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر ہیں انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر کنندہ اشتہارات، ٹیلی ویژن، آن لائن اور پرنٹ میڈیا کے اشتہارات سے برعکس ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے گاہکوں کے پاس یہ موقع نہیں ہوتا ہے کہ وہ اشتہار سے خفا ہو کر یا نا پسندیدہ اشتہار دیکھ کر ٹی وی بند کر دیں یا پھر کتاب کا صفحہ پلٹ سکیں لہذا ان کے لیے ایک آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

XS
SM
MD
LG