رسائی کے لنکس

قبائلی علاقہ جات میں 795 مدارس کی رجسٹریشن مکمل


محکمہٴ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ان مدارس میں پرائمری سے سیکنڈری سطح تک کل 59991 طلبہ دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں 45908 طلباء اور 14083 طالبات ہیں

پاکستان میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں محکمہٴ تعلیم نے دینی تعلیم دینے والے مدارس کی رجسٹریشن کا عمل پورا کرلیا، جس کے مطابق فاٹا میں 795 مدارس کام کر رہے ہیں، جس میں 60 ہزار تک طلبہ دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

محکمہٴ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، قبائلی اور نیم قبائلی علاقہ جات میں کل 795 دینی مدارس ہیں جن میں سے 502 لڑکوں، 173 لڑکیوں اور 120 مخلوط دینی مدارس ہیں۔

ان مدارس میں پرائمری سے سیکنڈری سطح تک کل 59991 طلبہ دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں 45908 طلباء اور 14083 طالبات ہیں۔

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں واقع مدارس میں 387 مدارس ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور 229 غیر رجسٹرڈ جبکہ حالیہ مردم شماری کے مطابق 179 مدارس نے رجسٹریشن کا عمل ہی شروع نہیں کیا ہے۔

ان مدارس میں کل 3345 اساتذہ پڑھا رہے ہیں، جس میں 2094 مرد جبکہ 682 عورتوں اور 569 مخلوط مدرسوں میں پڑھا رہے ہیں۔

فاٹا کے شعبہٴ تعلیم کے ’ایجوکیشنل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم‘ کی جانب سے جاری ہونے والے قبائلی علاقوں میں دینی مدارس کے عداد و شمار کی سالانہ رپورٹ 2017-18 کے مطابق، قبائلی علاقوں میں واقع دینی مدارس مختلف رجسٹرڈ اداروں سے وابستہ ہیں، جن میں 683 وفاق الامدارس (دیوبندی)، 17 تنظیم المدارس (بریلوی)، 11 رابطۃ المدارس، 7 وفاق المدارس السلفیہ (اہل حدیث)، 4 وفاق المدارس شعیہ (طلشعیہ) جبکہ 73 مدارس کا کسی بھی ادارے سے الحاق نہیں۔

رپورٹ کے مطابق، 327 میں تجوید والقراة، 375 تختنی، 49 موقوف الاعالیہ اور 44 مدارس میں طلبہ کو دورة حدیث پڑھائے جاتے ہیں۔

سب سے زیادہ مدارس 290 جنوبی وزیرستان ایجنسی میں ہیں جس میں 47071 طلبہ پڑھ رہیں ہیں، دوسرے نمبر پر مہمند ایجنسی ہے جہاں 130 مدارس میں 2318 طلبہ، شمالی وزیرستان میں 91 مدارس میں 4116 طلبہ، کرم ایجنسی میں 62 میں 1410 طلبہ، خیبر ایجنسی میں 56 جس میں1146 طلبہ، باجوڑ ایجنسی میں 49 جس میں 842 طلبہ، ایف آربنوں میں 38 جس میں 1294 طلبہ، ایف آر کوہاٹ میں 26 جس میں 326 طلبہ، اورکزئی ایجنسی میں 22 جس میں 3032 طلبہ، ایف آر لکی میں 14جس میں 780 طلبہ، ایف آر ڈی آئی خان میں 9 جس میں 486 طلبہ، ایف آر ٹانک میں 5 جس میں 256 طلبہ اور ایف آر پشاور میں 3 مدارس ہیں جس میں 494 طلبہ پڑھ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG