پاکستان فلمی صنعت کے نامور ستارے، ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ ایک فیچر فلم 'قائد اعظم زندہ باد' میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔
ذرائع ابلاغ میں شائع خبروں کے مطابق، اس فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی ہیں۔
فلم کی کہانی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ ''ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور'' ہو گی۔
دونوں اداکاروں کی جوڑی فلم 'ایکٹر ان لا' میں خاصی مقبول ہو چکی ہے، جس میں ماہرہ کا رول محض ایک خصوصی اداکار کا تھا۔ اس نئی فلم میں ماہرہ اور فہد مرکزی کردار ادا کریں گے۔
یہ اعلان کرتے ہوئے، 'قریشی پراڈکشن' نے فہد مصطفیٰ کو ''ایک اچھا ایکٹر'' قرار دیا اور کہا کہ ''وہ کردار نبھانے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں، جس سے فلم میں جان پڑ جاتی ہے''۔
ہدایت کار نبیل قریشی نے کہا ہے کہ فہد مصطفیٰ ایک پولیس افسر کا کردار ادا کریں گے، جب کہ ماہرہ خان ایک چنچل ہیروئن کے روپ میں نظر آئیں گی۔
ادھر ٹیلی ویژن میں کامیابی کے بعد اور اچھی اداکاری کی بدولت ماہرہ خان نے فلمی دنیا میں خاصی شہرت حاصل کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ فلم 2020ء میں سنیما کی زینت بنے گی۔