رسائی کے لنکس

انجلینا جولی کا ملالہ فنڈ کے لیے امدادی رقم دینے کا اعلان


انجلینا جولی
انجلینا جولی

''ملالہ فنڈ کے لیے امدادی رقم کا اعلان کرنا میری زندگی کا ایک خوشگوار لمحہ ہے ''۔

ہالی وڈ کی مقبول اداکارہ انجلینا جولی نے نیویارک میں ہونے والی ایک تقریب میں ملالہ فنڈ کے لیے 2 لاکھ ڈالرز کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

37 سالہ انجلینا جولی جنھیں دنیا بھر میں ان کے فلاحی کاموں کی وجہ سے بھی پہچاناجاتا ہے، نے یہ اعلان ’ورلڈ وومن‘ کی تقریب کے سالانہ اجلاس میں کیا ۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ ملالہ یوسفزئی جو آواز بنی ایسی لڑکیوں کی جنھیں تعلیم کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ لڑکیوں کے لیے تعلیم کا حق مانگنے پر گزشتہ برس طالبان نے ملالہ پر جان لیوا حملہ کیا تھا ۔ برطانیہ کے اسپتال میں ملالہ کافی عرصے تک زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہوکر ان دنوں برمنگھم کے ایک پرائیوٹ اسکول میں زیر تعلیم ہیں۔

اس تقریب میں ملالہ نے ایک ویڈیو کے ذریعے وہاں موجود لوگوں کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے مختص ملالہ فنڈ کے بارے میں آگاہ کیا، ملالہ فنڈ میں45 ہزار ڈالرکی امدادی رقم ایک آرگنائزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ جس کے تحت یہ آرگنائزیشن 40 لڑکیوں کو ایک محفوظ مقام پرتعلیم فراہم کرے گی ۔ یہ وہ لڑکیاں ہیں جنھیں ان کے غریب والدین گھروں میں کام کاج کرنے پر مجبور کرتے ہیں لہذا اس فنڈ سے ان لڑکیوں کے گھر والوں کی معاشی مدد بھی کی جارہی ہے۔

ملالہ یوسفزئی
ملالہ یوسفزئی
ملالہ کا کہنا تھا کہ ، یہ میری زندگی کا ایک خوشگوار لمحہ ہے جب ملالہ فنڈ کے لیے اتنی بڑی امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔‘‘

ملالہ نے مزید کہا کہ ’’میں آپ سب کو دعوت دینا چاہتی ہوں کہ ملالہ فنڈ میں ہماری مدد کریں تاکہ اس فنڈ سے تعلیم حاصل کرنے والی 40 لڑکیوں کی تعداد کو ہم مل کر 40 ملین تک پہنچا سکیں ۔‘‘

جبکہ انھوں نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملالہ پر قاتلانہ حملہ کرنے کا مقصد اسے اسکول جانے سے روکنا تھا حملہ آور چاہتے تھے کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بلند کی جانے والی اس آواز کو ہمیشہ کے لیے خاموش کردیں مگر انھیں ان کا یہ عمل مہنگا پڑا کیونکہ ملالہ کی آواز اب اور زیادہ طاقت ور ہو گئی ہے۔‘‘
XS
SM
MD
LG