رسائی کے لنکس

ملائشیا: اللہ کے نام پر تنازع، تین آدمیوں پر باضابطہ الزامات


ملائشیا میں غیر مسلموں کی جانب سے خدا کے لیے لفظ اللہ کے استعمال پر ایک تنازعے کے دوران جمعے کے روز ایک عدالت تین آدمیوں پر اس ماہ کے شروع میں آتش زنی کی صورت میں گرجا گھروں پر حملے کرنے کے باضابطہ الزامات عائد کر دیے ہیں۔

یہ سب 20سے 25 سال عمر کے نوجوان مسلمان ہیں۔ اور انہیں عبادت گاہوں پر متعدد حملوں کی ایک لہر کے دوران، گرجا گھروں پر ابتدائی حملے کرنے پر 20 سال تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔

ان پر اُس حملے کے سلسلے میں ”آگ کے ذریعے شرارت“ کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس میں کوالالمپور کے ایک نواحی علاقے کے گرجا گھر کی نچلی منزل تباہ ہو گئى تھی۔
ملائشیا میں مذہبی بنیادوں پر کشیدگی اُس وقت سے بڑھی ہوئى ہے جب دسمبر کے آخر میں ملائشیا کی عدالتِ عالیہ نے حکومت کی عائد کردہ اُس پابندی کو ختم کر دیا تھا، جس کے تحت غیر مسلم خدا کے لیے لفظ اللہ استعمال نہیں کرسکتے تھے۔19 دسمبر کو عدالت کے اُس فیصلے کے بعد سے تقریباً 19 گرجا گھروں اور دوسری عبادت گاہوں پر آگ لگانے والے بم پھینکے گئے ہیں یا وہاں توڑ پھوڑ کی کارروائیاں کی گئى ہیں۔

تازہ ترین واقعے میں بدھ کے روز کوالالمپور کے مضافات کی دو مسجدوں میں سُوَروں کے کئى سَر ملے تھے۔ مسلمان اس جانور کو نجس خیال کرتے ہیں۔

حملہ آوروں نے پچھلے ایک مہینے کے دوران ملک بھر میں 11 گرجا گھروں اور دو مسجدوں پر آگ لگانے والے بم پھینکے ہیں۔ انہوں نے شمالی ریاست پِیراک میں ایک کانونٹ سکول اور کوالالمپور میں ایک گوردوارے پر بھی حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کے سلسلے میں اب تک کم سے کم 19 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ملائشیا کے رومن کیتھولک اخبار ہیرلڈ نے ملک کی دوسری مذہبی اور نسلی اقلیتوں کی جانب سے حکومت کی عائد کردہ پابندی کے خلاف قانونی جنگ کی قیادت کی تھی۔ اخبار کے ایڈیٹر ہیرلڈ کے ملائی زبان کے ایڈیشن میں لفظ اللہ استعمال کرنا چاہتے تھے اور اس کی اجازت حاصل کرنے کے لیے انہوں نے عدالت میں یہ دلیل پیش کی تھی کہ ملائی زبان میں خدا کے لیے صرف ایک ہی لفظ ہے، اور وہ اللہ ہے۔

ملائشیا کی دو کروڑ 70 لاکھ کی آبادی میں تقریباً 60 فیصد لوگ ملائی ہیں اور وہ سب مسلمان ہیں۔اہم مذہبی اقلیتوں میں بدھ مَت، عیسائیت اور ہندومَت کے پیرو کار شامل ہیں۔

عدالتِ عالیہ نے حکومت کو اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا موقع دینے کے لیے فی الحال اپنے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG