رسائی کے لنکس

کشمیر کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم ہوں: مہاتیر محمد


ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر انہوں نے اپنے ضمیر کی آواز پر بیان دیا۔ (فائل فوٹو)
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر انہوں نے اپنے ضمیر کی آواز پر بیان دیا۔ (فائل فوٹو)

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ کشمیر کے تنازع پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں جن پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر انہوں نے اپنے ضمیر کی آواز پر بیان دیا۔ یہ کسی کا ساتھ دینے یا نہ دینے کی بات نہیں ہے۔

کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ صرف بھارت اور پاکستان نہیں بلکہ امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا چاہیے۔ ورنہ اقوام متحدہ کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں مہاتیر محمد نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔ لہذٰا، یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

مہاتیر محمد کا حالیہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت کے تاجروں نے ملائیشیا سے 'پام آئل' کی درآمد کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ملائیشیا دنیا بھر میں 'پام آئل' پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جب کہ بھارت اس کا سب سے بڑا خریدار ہے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالات تاحال معمول پر نہیں آ سکے۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالات تاحال معمول پر نہیں آ سکے۔

جموں و کشمیر سے متعلق مہاتیر محمد کے مؤقف پر بھارت نے ملائشیا کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے بھارت کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو برا لگے یا اچھا ہمیں مسائل پر بات کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔

'ملائیشیا سے پام آئل درآمد نہیں کریں گے'

بھارت کی ایک تجارتی تنظیم 'سالوینٹ ایکسٹرکٹر' نے تاجروں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا اور بھارت کے تعلقات کے تناظر میں وہ اپنے ملک سے اظہار یکجہتی کے لیے پام آئل درآمد نہ کریں۔

تنظیم کی جانب سے اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ اگر حکومت نے ملائیشیا سے درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کر دیے تو تاجروں کو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی تاجروں کے اس فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم، ہمیں اس سے متعلق بھارتی حکومت کے فیصلے کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ بھارت کی حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے۔"

بھارت ملائشیا سے ناریل کے تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
بھارت ملائشیا سے ناریل کے تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔

رواں سال کے ابتدائی نو ماہ میں بھارت اب تک ملائیشیا سے 30 لاکھ 90 ہزار ٹن پام آئل درآمد کر چکا ہے، جب کہ ملائیشیا پیٹرولیم مصنوعات، گوشت اور لائیو اسٹاک، دھاتیں اور مختلف کیمیکل بھارت سے درآمد کرتا ہے۔

مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ میں کیا کہا تھا؟

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں مہاتیر محمد نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔ لہذٰا، یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

بھارت نے ملائیشین وزیر اعظم کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دیا تھا۔ بھارت کا مؤقف تھا کہ جموں و کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔

مہاتیر محمد نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں تناؤ ہے۔
مہاتیر محمد نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں تناؤ ہے۔

بھارت کی جانب سے پانچ اگست کو کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو ترکی اور ملائیشیا کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

بھارت نے ان دونوں ممالک کے سربراہان کے بیانات کو مایوس کن قرار دیا تھا۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کو کشمیر کے معروضی حالات سے واقفیت نہیں کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔

XS
SM
MD
LG