رسائی کے لنکس

بھارت: ممتا بنرجی نے مسلسل تیسری بار مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


حلف برداری کے وقت ممتا بنرجی کاٹن کی سفید ساڑھی میں تھیں جو کہ ان کی شناخت ہے۔ وزرا کی کونسل نو مئی کو، جو کہ رابندر ناتھ ٹیگور کا یومِ پیدائش ہے، حلف لے گی۔ (فائل فوٹو)
حلف برداری کے وقت ممتا بنرجی کاٹن کی سفید ساڑھی میں تھیں جو کہ ان کی شناخت ہے۔ وزرا کی کونسل نو مئی کو، جو کہ رابندر ناتھ ٹیگور کا یومِ پیدائش ہے، حلف لے گی۔ (فائل فوٹو)

ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی صدر ممتا بنرجی نے مسلسل تیسری بار مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ کرونا وبا کے دوران گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب سادہ رکھی گئی۔

حلف برداری کے وقت ممتا بنرجی کاٹن کی سفید ساڑھی میں ملبوس تھیں جو کہ ان کی شناخت ہے۔ وزرا کی کونسل نو مئی کو، جو کہ رابندر ناتھ ٹیگور کا یومِ پیدائش ہے، حلف لے گی۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے وزیرِ اعلیٰ کا حلف اٹھانے پر ممتا بنرجی کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ممتا دیدی کی حلف برداری پر میں ان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ممتا بنرجی نے پہلی بار 2011 میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کی 34 سال پرانی حکومت کا خاتمہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

دوسری بار وہ 2016 کے اسمبلی انتخابات کے بعد وزیر اعلیٰ بنیں اور اب تیسری بار انہوں نے یہ عہدہ سنبھالا ہے۔

بنگلہ زبان میں حلف لینے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح کرونا وبا پر قابو پانا ہے۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں وہ حکومت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات کر رہی ہیں۔ بعد ازاں ایک نیوز کانفرنس بھی کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی دوسری ترجیح ریاست میں امن عامہ کو برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد سے دور رہیں۔ انہوں نے سختی کے ساتھ صورتِ حال سے نمٹنے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ ریاست میں انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد پر تشدد واقعات ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس احتجاج میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے پرتشدد واقعات کا نوٹس لیا ہے اور تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

بیر بھوم ضلع کے نانور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار تارک ساہا کی دو خواتین پولنگ ایجنٹس کے ساتھ مبینہ زیادتی کی خبروں کے درمیان قومی کمیشن برائے خواتین کی صدر ریکھا شرما مغربی بنگال کے دورے پر ہیں۔

ریاست میں ہونے والے پر تشدد واقعات اور بی جے پی کارکنوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) نے بدھ کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا۔

بی جے پی نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر جے پی نڈا کلکتہ میں پارٹی دفتر کے قریب جس جگہ دھرنے پر بیٹھنے والے تھے وہاں کا اسٹیج پولیس نے توڑ دیا ہے۔

جے پی نڈا دو روزہ دورے پر مغربی بنگال میں ہیں۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی کارکنوں سے ملاقات کی۔

دریں اثنا ایک غیر سرکاری تنظیم ’انڈک کلکٹیو ٹرسٹ‘ نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کرکے ریاست میں مرکزی مسلح فورسز تعینات کرنے کی اپیل کی ہے۔

ایڈووکیٹ سویدت ایم ایس اور ایڈووکیٹ جے سائی دیپک کی جانب سے داخل کردہ پٹیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ریاست میں مبینہ طور پر لا اینڈ آرڈر کی صورتِ حال خراب ہونے کی وجہ سے صدر راج نافذ کرنے پر غور کیا جائے۔

بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے بھی اسی قسم کی ایک درخواست دائر کرکے پر تشدد واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG