رسائی کے لنکس

مریم نواز نے جج ارشد ملک سے متعلق مبینہ ویڈیو جاری کر دی


مریم نواز شہباز شریف کے ہمراہ لاہور میں نیوز کانفرنس کر رہی ہیں۔
مریم نواز شہباز شریف کے ہمراہ لاہور میں نیوز کانفرنس کر رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ویڈیو کے بعد نواز شریف کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر اعتراف کر رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کے ثبوت نہیں ملے تھے۔

لاہور میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو نواز شریف کے ایک چاہنے والے نے بنائی ہے جس نے جج ارشد ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

مریم نواز کے بقول ویڈیو میں جج ارشد ملک یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں تھا تاہم دباؤ پر وہ ان کے خلاف فیصلہ دینے پر مجبور ہوئے۔

مریم نواز کے بقول ویڈیو ناصر بٹ نامی شخص نے بنائی جو ارشد ملک کے دوست بھی ہیں۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:04 0:00

مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ اب حقائق سامنے آ گئے ہیں لہٰذا نواز شریف کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

ویڈیو میں ارشد ملک ناصر بٹ سے کہہ رہے ہیں کہ ان پر بہت دباؤ ہوتا ہے، وہ لوگ اپنی مرضی کا فیصلہ کرواتے ہیں ہمارے پاس خود کشی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اپنے والد کو 'مرسی' نہیں بننے دوں گی۔ 'میرے ساتھ اب کیا ہو گا مجھے کوئی پرواہ نہیں اپنے والد کے دفاع کے لیے ہر حد تک جاؤں گی۔'

خیال رہے کہ گزشتہ عرصے کے دوران سیاسی حلقوں میں یہ بحث جاری تھی کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان اختلافات ہیں، تاہم شہباز شریف اس طویل پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز کے ساتھ خاموشی سے بیٹھے رہے۔

مریم نواز نے 2018ء کے انتخابات کو ایک بار پھر دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف عمران خان کو لانے کے لیے مسلم لیگ ن کو دھاندلی کے ذریعے ہروایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ 'عمران خان کہتے تھے کہ نواز شریف امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلتے ہیں لیکن آج پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ امپائر کے ساتھ کون کھڑا ہے۔'

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو سوچنا ہو گا کہ کیا یہ ملک ایسے ہی چلے گا جہاں سیاست دانوں کو انتقام کا نشانہ بنا کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

حکومت کا ردعمل

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ویڈیو کو تضادات کا مجموعہ قرار دے دیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا اور اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ آیا کہ ویڈیو میں ردوبدل کیا گیا ہے یا یہ اصلی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ویڈیو بنانے والے ناصر بٹ مسلم لیگ ن کے کارکن ہیں اور ایک مافیا کے ساتھ تعلق کے الزام میں ان کے خلاف لندن میں تحقیقات ہو رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مریم نواز نے اس اقدام سے پاکستان کی پوری عدلیہ پر انگلیاں اٹھائی ہیں، یہ سیاست نہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ اسٹیل مل کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سزا بھگت رہے ہیں تاہم انھوں نے سزا کے خلاف اعلیٰ عدلیہ میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

XS
SM
MD
LG