رسائی کے لنکس

مریم نواز کی بیٹے کی شادی میں گلوکاری؛ ’خاندان میں سب ہی اچھا گنگنا لیتے ہیں‘


مریم نواز نے رواں ہفتے اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریب میں گانا گا کر نہ صرف سب کو خوش گوار حیرت میں مبتلا کیا بلکہ اپنے سیاسی مخالفین سے بھی داد سمیٹی۔ (فائل فوٹو)
مریم نواز نے رواں ہفتے اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریب میں گانا گا کر نہ صرف سب کو خوش گوار حیرت میں مبتلا کیا بلکہ اپنے سیاسی مخالفین سے بھی داد سمیٹی۔ (فائل فوٹو)

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحب زادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سیاسی سرگرمیوں اور جوشیلے خطاب کی وجہ سے تو خبروں میں رہتی ہیں البتہ ان دنوں سوشل میڈیا پر ان کی گلوکاری کے چرچے ہیں۔

رواں ہفتے مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریب میں گانا گا کر نہ صرف سب کو خوش گوار حیرت میں مبتلا کیا بلکہ اپنے سیاسی مخالفین سے بھی داد سمیٹی۔

ان کی گلوکاری پر سوشل میڈیا میں ہونے والے تبصروں پر مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے کی شادی ایک خاندانی تقریب تھی۔ دیگر ماؤں کی طرح ان کو بھی حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ سیاسی تبصروں کا موضوع بنے بغیر اس موقع پر خوشی منا سکیں۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ سے درخواست کی کہ ان کے خاندان کی نجی زندگی کی رازداری کی پاسداری کرے۔

سوشل میڈیا پر مریم نواز کی دو ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں انہوں نے بالی وڈ فلم 'یادوں کی بارات' کا گانا 'چرا لیا ہے تم نے جو دل کو' اور فلم 'جرم' کا گیت 'جب کوئی بات بگڑ جائے' گایا ہے۔

اسی تقریب کی ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں مریم نواز کے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز بھی گانا گاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے انڈین فلم 'قدرت' کا گانا 'ہمیں تم سے پیار کتنا۔۔۔' گا کر حاضرین سے داد سمیٹی۔

واضح رہے کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا نکاح رواں سال اگست میں لندن میں ہوا تھا اور ان دنوں ان کی شادی کی تقریبات جاری ہیں۔

اس تقریب میں جنید صفدر نے فلم 'ہم کسی سے کم نہیں' کا گانا 'کیا ہوا تیرا وعدہ' گایا تھا۔

ان کی گلوکاری پر ان کے نانا اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے کئی سیاسی مخالفین بھی انہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے تھے۔

مریم نواز کے چچا اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے گلوکاری کے شوق کو کون نہیں جانتا۔

ٹی وی انٹرویوز میں گنگنانے سے لے کر ایک مقامی ہوٹل میں پروفیشنل سنگرز کی طرح گانا گانے تک وہ سب کچھ کر چکے ہیں جب کہ جلسوں میں وہ شاعر حبیب جالب کی نظموں کو ترنم سے پڑھتے تھے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی سیاست دان نے موسیقی کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو حیران کیا ہو۔

سندھ کے دو گورنر بھی اس سے قبل موسیقی سے اپنی قربت کا اظہار کر چکے ہیں۔

سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے کراچی آرٹس کونسل میں ہونے والے ایک ایونٹ میں گٹار بجا کر سب کو حیران کیا تھا۔

موجودہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی الیکشن سے قبل اپنا ایک سیاسی نغمہ ریکارڈ کرکے ریلیز کیا تھا۔

پاکستان کے سابق صدر اور فوج کے سابق سربراہ جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف بھی گانے کا شوق رکھتے تھے۔ ان کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی ہیں۔

اپنے بیٹے کی شادی میں گلوکاری پر مریم نواز کو مخالف جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے ان سے مریم نواز کی گلوکاری سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے مریم نواز کے ساتھ ساتھ حمزہ شہباز کی بھی تعریف کی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کا شریف خاندان سے سیاسی اختلاف ہے، ذاتی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دان بھی انسان ہوتے ہیں۔ اس قسم کی ویڈیوز سے ایک نارمل پاکستان کا تشخص سامنے آتا ہے۔

صحافی عالیہ رشید نے مریم نواز کی ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ لوگوں کو تھوڑی دیر کے لیے بھول جانا چاہیے کہ مریم نواز ایک سیاست دان ہیں اور ان کے گانے سے لطف انداز ہونا چاہیے۔

معروف کامیڈین سعد قیصر نے بھی مریم نواز کی گلوکاری پر خوش گوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی آواز بھی اپنے بیٹے جنید صفدر کی طرح انتہائی سریلی ہے۔

انہوں نے مریم نواز سے سوال بھی کیا کہ اگر آپ سیاست دان نہ ہوتیں تو کیا آپ گلوکارہ بننا پسند کرتیں؟

تحریکِ انصاف کے کئی حامیوں نے بھی مریم نواز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریف کی ہے۔

بعض صارفین کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف ایک جانب رکھا جائے۔ مریم نواز کی آواز بہت اچھی ہے اور انہیں گلوگاری کا فن آتا ہے۔

’مریم نواز اور جنید صفدر کی گلوکاری میں نقص نظر نہیں آئے‘

معروف میوزک کمپوزر اور گلوکار عباس علی خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مریم نواز اور جنید صفدر کی گلوکاری میں وہ نقص نظر نہیں آئے جو گانے کا شوق رکھنے والے عام افراد کی آواز میں پائے جاتے ہیں۔

ان کے مطابق شریف خاندان میں تو سب ہی لوگ سریلے ہیں۔ مریم نواز نے بھی 'جب کوئی بات بگڑ جائے' گایا تو متوازن گایا۔

عباس علی خان نے جنید صفدر کو شریف خاندان کا سب سے سریلا شخص بھی قرار دیا۔

ان کے مطابق شریف خاندان کے لوگوں اور نارمل سنگرز کی گائیکی میں وہی فرق ہے جو کسی شوقیہ گلوکار اور باقاعدہ ریاض کرنے والوں کی آواز میں ہوتا ہے۔ انہیں سر کی سمجھ ہے اور سریلے ہیں۔

’اس خاندان میں سب ہی اچھا گنگنا لیتے ہیں‘

گلوکارہ نتاشا بیگ بھی جنید اور مریم کی گلوکاری سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔

انہوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنید صفدر کا گانا سنا تو خوشی ہوئی کہ وہ ایک 'کی' میں گا رہے ہیں اور دیگر گنگنانے والوں کی طرح سر سے نہیں ہٹ رہے۔ بے سرا انسان اسی وقت ہوتا ہے جب وہ ایک 'کی' میں نہیں رہ پاتا اور ایک پروفیشنل سنگر اور شوقیہ گانے والے میں سب سے بڑا فرق یہی ہوتا ہے۔

'مریم نواز دلیر خاتون، عثمان بزدار حادثاتی وزیرِ اعلیٰ ہیں'
please wait

No media source currently available

0:00 0:20:47 0:00

انہوں نے مریم نواز کی گلوکاری کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنید کو وہ ساڑھے سات نمبر دیں گی تو دس میں سے سات نمبر مریم نواز کے ہوں گے۔

ان کے مطابق اس خاندان میں سب ہی اچھا گنگنا لیتے ہیں اور اگر یہ سیاست میں نہ ہوتے تو موسیقی میں آ سکتے تھے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG