رسائی کے لنکس

مستونگ کیڈٹ کالج کے طلبہ پر مبینہ تشدد کے الزام میں پرنسپل معطل


مستونگ کیڈٹ کالج، بلوچستان
مستونگ کیڈٹ کالج، بلوچستان

بلوچستان میں کیڈٹ کالج کے پرنسپل کو طلبا پر تشدد کر نے کے الزام میں عہدے سے معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد دو درجن سے زیادہ طلبا کو، کالج کے گراؤنڈ میں الٹا لٹا کر کمر کے نچلے حصے کو ڈنڈوں اور چمڑے کی پٹی سے بری طرح پیٹ رہے ہیں جس سے طلبا کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ ویڈٰیو میں بتایا گیا ہے کہ یہ سزا مبینہ طور پر کیڈٹ کالج کی انتظامیہ کی ایما پر دی جا رہی ہے۔ ویڈٰیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ عمل گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائر ل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سوشل میڈیا پر سرگرم افراد نے اس غیر انسانی طرز عمل پر سخت نکتہ چینی کی ۔

جس پر وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔ تاہم کمیٹی کے اجلاس ہونے اور اس واقعہ کی رپورٹ آنے سے پہلے ہی بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی نے کالج کے پرنسپل کو معطل کرکے ایک اور تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔۔

دوسری طرف بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے منگل کو بلوچستان ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس کی سماعت رٹ پٹیش بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نور محمد مُسکانزئی اور جسٹس محمد ہاشم کاکڑ پر مشتمل دو رُکنی بنچ نے کی۔

سماعت کے دوران ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی اعزاز گورایہ نے عدالت کو بتایا کہ کیڈٹ کالج کے پرنسپل کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تشدد میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تشدد کانشانہ بننے والے طالب علموں کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے اور تمام ملزوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ ․

پولیس کے اعلیٰ عہدے دار کا کہنا تھا کہ اگر عدالت نے حکم دیا تو تمام ملزموں کو پکڑ کر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔

طالب علموں پر تشدد کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلوچستان کی حکومت حال ہی میں اسکولوں میں جسمانی سزا پر پابندی کا اعلان کر چکی ہے۔

پاکستان کے اس جنوبی مغربی صوبے اضلاع پشین، قلعہ سیف اللہ، مستونگ اور جعفر آباد میں کیڈٹ کالج قائم کرنے کے بعد درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جب کہ کوہلو، سوئی، آوران اور تربت میں کیڈٹ کالجوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG