رسائی کے لنکس

مستونگ میں ٹریفک حادثے میں بارہ ہلاک، آٹھ زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لیویز حکام کے مطابق مسافر ویگن منگھوچر سے کوئٹہ آرہی تھی کہ کھڈ کوچہ کے مقام پر ویگن کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار تمام افراد شد ید زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے قر یب ٹریفک کے ایک حادثے میں 12 افراد ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔

لیویز حکام کے مطابق مسافر ویگن منگھوچر سے کوئٹہ آرہی تھی کہ کھڈ کوچہ کے مقام پر ویگن کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار تمام افراد شد ید زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں سے 12 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ 8 دیگر زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ تمام زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال مستونگ میں داخل کیا گیا ہے جہاں سے ڈاکٹروں کی تجویز پر دو شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

لیویز حوالدار سبزل خان زند نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے اس واقعے کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔

گزشتہ روز ضلع تربت میں ایک کنوئیں میں گیس بھرنے سے پانچ افراد ہلاک اور ایک بے ہو ش ہو گیا۔

گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں کھڈ کوچہ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے کر اچی جانے والے مسافروں کو بسوں سے اُتار کر شناخت کے بعد اُنھیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

اس واقعہ کی ذمہ داری ایک کالعدم بلوچ عسکری تنظیم نے قبول کر لی تھی، جس کے بعد اس علاقے میں سیکورٹی فورسزنے آپریشن کر کے 17 عسکر یت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG