رسائی کے لنکس

میلبورن: آسٹریلیا کی 22 رنز کی برتری، بارش سے کھیل متاثر


کپتان اسٹیو اسمتھ 100 اور مچل اسٹارک 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل بھی متاثر ہوا۔

میلبورن ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 465 رنز بنا لیے، یوں اسے پاکستان کے خلاف 22 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

کپتان اسٹیو اسمتھ 100 اور مچل اسٹارک 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل بھی متاثر ہوا۔

میلبورن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے 278 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی، پاکستان کو جلد ہی کامیابی ملی اور وہاب ریاض نے عثمان خواجہ کو 97 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

ہینڈز کومب نے اسمتھ کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 92 رنز کی شراکت قائم کی، ہینڈز کومب 54 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ میڈیسن 22 اور میتھیو ویڈ صرف 9 رنز بنا سکے۔

کپتان اسمتھ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 17 ویں سنچری ہے۔

اس کے ساتھ ہی اسمتھ نے مسلسل تیسرے کیلنڈر ایئر میں 1000 رنز بھی مکمل کر لہے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں کھلاڑی ہیں، اس سے قبل برائن لارا، ٹریسکوتھک، پیٹرسن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں جب کہ ہیڈن لگاتار پانچ مرتبہ کلینڈر ایئر میں ہزار رنز بنا چکے ہیں۔

چائے کے وقفے سے قبل بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس نے تھمنے کا نام نہ لیا اور میچ مقررہ وقت سے قبل ہی ختم کرنا پڑا۔

پاکستان کی طرف سے سہیل خان، یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG